رپورٹ : عمران خان

کراچی: مصطفٰی عامر قتل کیس کے ملزم ارمغان کے خلاف منی لانڈرنگ تحقیقات میں اس کے ڈیجیٹل اثاثوں کا سراغ لگانے کے لئے ایف آئی اے کو ملزم سے تفتیش کے لئے جیل میں 9 دنوں کی رسائی مل گئی۔ دوسی جانب عدالت کی جانب سے ملزم کی کرپٹو کرنسی کا ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے غیرملکی کمپنیوں غیر ملکی کمپنیوں پیکس فل (paxful) اور نو ون (noone) کو ہدایات جاری کردی گئیں۔

 اس ضمن میں ایف آئی اے نے بٹ کوائن ٹریڈنگ کی غیر ملکی کمپنیوں پیکس فل paxful اور نو ون noone سے ملزم ارمغان اور اس کے دو ملازمین کے اکاؤنٹس کی مکمل تفصیلات اور ریکارڈ حاصل کرنے کے لئے عدالت سے رجوع کیا۔ ساتھ ہی ملزم ارمغان سے تفتیش کی اجازت مانگی گئی اور جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی گئی۔

اس ضمن میں بدھ کو جوڈیشل کمپلیکس میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ایف آئی اے کی جانب سے مصطفی عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان سے منی لانڈنگ کا مقدمہ میں تفتیش کی اجازت کے لئے درخواست جمع کرائی گئی۔ جس پر ایف آئی اے کو ملزم ارمغان سے جیل میں تفتیش کی اجازت مل گئی۔ عدالت نے ایف آئی اے کو 13 اپریل تک ملزم سے جیل میں تفتیش کی اجازت دیدی۔

عدالت نے ہدایت دی ہے کہ ایف آئی اے مقررہ وقت میں تفتیش مکمل کر کے رپورٹ پیش کرے۔ مذکورہ درخواست کا عدالت کی جانب سے تحریری حکمنامہ بھی جاری کر دیا ہے۔ تحریری حکمنامے کے مطابق ایف آئی اے نے موقف اختیار کیا کہ ملزم ارمغان کو عدالت نے مصطفی عامر کے اغواء اور قتل کیس میں جیل بھیج دیا ہے۔ ملزم ارمغان کے خلاف اینٹی منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہے ملزم ارمغان سے منی لانڈرنگ کے کیس میں تحقیقات کی اجازت دی جائے۔

 

عدالت نے ہدایت دی کہ عدالت کو ملزم ارمغان سے جیل میں تفتیش پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔ ایف آئی اے ملزم ارمغان سے جیل میں 9 دن تک تفتیش کر سکتی ہے۔ ایف آئی اے ملزم ارمغان کو جیل سے باہر نہیں لے جاسکتی ہے۔ ایف آئی اے ملزم ارمغان سے صبح سے غروب آفتاب تک تفتیش کر سکتی ہے۔ سپریڈینٹ سینٹرل جیل ایف آئی اے تفتیشی افسر کو ملزم ارمغان سے تفتیش کی اجازت دے۔

علاوہ ازیں جوڈیشل کمپلیکس میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے ایف آئی اے کی جانب سے عدالت سے بٹ کوائن ٹریڈنگ پلیٹ فارم تک رسائی کی اجازت سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔

ایف آئی اے کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ عدالت بٹ کوائن ٹریڈنگ پلیٹ فارم پیکس فل (( paxful اور نوون ( ( noOne سے ملزم ارمغان کے اکاؤنٹ کی تفصیلات حاصل کرنے کے لئے نوٹس یا احکامات جاری کرے۔ ملزم ارمغان نے اپنے دو ملازمین عبدالرحیم اور رحیم بخش کے نام پر اکاؤنٹ بنارکھے ہیں، پیکس فل (( paxful اور نو ون ) ( noone کو ملزم کے اکاؤنٹ کی تفصیلات ، ٹرانزیکشنز، ٹریڈنگ ہسٹری اور آئی پی ایڈریس فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔

عدالت نے بٹ کوائن ٹریڈنگ کی غیر ملکی کمپنیوں پیکس فل ((paxful اور نون ) ( noone کی انتظامیہ سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔