انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی: ایف آئی اے امیگریشن کی کراچی ائرپورٹ پر کی جانے والی کارروائی میں آذربائیجان سے جعلی ویزوں پر البانیا اور جرمنی جانے کی کوشش کرنے والے 3 مسافروں کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق امیگریشن اسٹاف کی جانب سے جعلی دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 3 مسافروں کو گرفتار کر لیا گیا۔

ملزمان کی شناخت شاہزیب، محمد زین اور شہباز کے نام سے ہوئی۔

ملزمان وزٹ ویزے پر آزربائیجان جا رہے تھے۔

ایف آئی اے اسٹاف نے تلاشی کے دوران ملزمان کے قبضے سے البانیا کے جعلی ویزے برآمد کر لئے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے اپنے رشتےدار سے مذکورہ ویزے حاصل کئے۔

ملزمان نے فی کس 12 لاکھ روپے کے عوض مذکورہ ویزے حاصل کئے۔

ملزمان نے مذکورہ ویزوں کے بنیاد پر آذربائیجان سے البانیا اور جرمنی جانے کی کوشش کرنا تھی۔

ملزمان کو گرفتار کر کے اے ایچ ٹی سی کراچی منتقل کر دیا گیا۔ ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔