انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی: ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کراچی نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی(ڈریپ)کے ساتھ مشترکہ کارروائی کے دوران ڈیڑھ کروڑ روپے مالیت کی غیررجسٹرڈ شدہ،غیرقانونی،زائد المیعاد ادویات برآمد کرلیں۔
کارروائی میں ایک ملزم کو گرفتار کر لیا گیا جوکہ فیس بک پر پیج بنا کر آن لائن مذکورہ اسدویات فروخت کر رہا تھا ۔
ایف آئی اے ترجمان کا کہنا تھا کہ اسٹیٹ بینک سرکل نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے ساتھ مشترکہ کارروائی کی جس کے دوران ملزم انوپ کمارسےمختلف غیرملکی کمپنیوں کی غیر رجسٹرڈ شدہ،غیر قانونی اور بعض زائد المیعاد ادویات برآمد ہوئیں۔مذکورہ کارروائی شہرکے علاقے گلشن رومی ملیرکینٹ کے قریب کی گئی۔
ترجمان کے مطابق ملزم سے برآمد شدہ ادویات امریکہ اوردیگر ممالک کی دواسازکمپنیوں کی تیارشدہ ہیں۔ ملزم نے اپنے آفس میں اسٹوربنا رکھا تھا۔جہاں سے مذکورہ ادویات آن لائن بذریعہ فیس بک فروخت میں مصروف تھا۔ ملزم نےVitamindec کے نام سے فیس بک پرپیج بنارکھا تھا۔
کارروائی میں مختلف غیرملکی کمپنیوں اور برانڈ کے درآمد شدہ صابن، شیمپو،کاسمیٹک مصنوعات اورنیوٹریشن ادویات بھی برآمد کی گئیں۔ یہ ادویات امراض قلب، کینسر ، ذیابطیس، ہائپر ٹینشن اور دیگر امراض میں استعمال کی جاتی ہیں۔برآمد شدہ ادویات اور مصنوعات کی قیمت ڈیڑھ کروڑ روپے سے زائد ہے۔
ملزم درآمد شدہ ادویات اوردیگر اشیاءمصنوعات سے متعلق دستاویزات دینے میں ناکام رہا،ملزم انوپ کماربطورسپر وائزرکام کررہاتھا۔ملزم نے اپنے مالک کا نام دیپک کمار بتایا جو متحدہ عرب امارات میں مقیم ہے۔
ملزم انوپ کمارکندنانی ولد لال چند اوردیپک کمار تلیرجا ولد کرتارکے خلاف ڈرگ ایکٹ 1976 اورپاکستان کسٹمزایکٹ 1969 کےتحت مقدمات درج کرکے تفتیش کا آغازکردیا۔
- دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلیے بھی چھاپے مارے جارہےہیں۔