ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیر پورٹ سے کینیڈا کے جعلی ویزوں پر شہریوں بیرون ملک بھجوانے والے 2 ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا۔ ملزمان کو جعلی ویزے پر کینیڈا جانے والے مسافر کی نشاندہی پر حراست میں لیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کی کراچی ائیرپورٹ پر بڑی کارروائی میں جعلی وزٹ ویزے پر کینیڈا جانے والے مسافر کو آف لوڈ کر دیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے علی مراد بالادی کی زیر نگرانی ابتدائی تفتیش میں مسافر کی نشاندہی پر ائرپورٹ سے مذکورہ ایجنٹوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق مسافر فلائٹ نمبر پی کے 783 سے کینیڈا جا رہا تھا۔ مسافر کے پاکستانی پاسپورٹ پر کینیڈا کا جعلی ویزا لگا ہوا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافر نے مذکورہ ویزا ایجنٹ سے ویزا حاصل کیا۔ مسافر نے ایجنٹ کو 20 لاکھ روپے آن لائن ٹرانسفر کئے۔
مسافر کی نشاندہی پر ایجنٹ فیاض حسین اور سالک شریف کو بھی گرفتار کر لیا۔ دونوں ملزمان کو ائرپورٹ کی پارکنگ سے گرفتار کیا گیا
گرفتار ملزمان کو مزید کارروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن علی مراد کی جانب سے بروقت کارروائی پر ٹیم کی کارکردگی کو سراہا گیا۔