رپورٹ: عمران خان
کراچی: کراچی سے بھیجے گئے پیاز کے برآمدی کنسائنمنٹ کی آڑ میں5ارب روپے کی منشیات ملائشیا میں پکڑی گئی۔
ملائشین حکام اس مراسلے کے بعد پاکستان کسٹمز پریونٹیو کلکٹریٹ کراچی نے اس معاملے پر باقاعدہ
مقدمہ درج کر کے منشیات اسمگلنگ کے الزام میں دو پاکستانی افراد کو گرفتار کرلیا ہے.
کسٹمز پریونٹو کلکٹریٹ کی جانب سے کی جانے والی گرفتاریوں کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ پہلی کارروائی میں کھیپ بھجوانے والے کلیئرنگ ایجنٹ عامر خان کو حراست میں لیا گیا جس سے تفتیش میں معلوم ہوا کہ دوسرا ملزم چوہدری ندیم لاہور ائیر پورٹ سے تھائی لینڈ جانے والا ہے جس پر چوہدری ندیم کو ائیر پورٹ سے حراست میں لے کر شامل تفتیش کر لیا گیا ہے۔
کسٹمز ذرائع کے مطابق بیرون ملک منشیات کی اسمگلنگ کا یہ میگا اسکینڈل اس وقت سامنے آیا جب گذشتہ ماہ کراچی ماڈل کسٹمز اپریزمنٹ کلکٹریٹ ایکسپورٹ بن قاسم سے ملائیشیا ایکسپورٹ کئے جانیوالے پیاز کے کنٹینر میں سے100 کلو کوکین اور 411 کلومیتھا مائن نامی منشیات اسمگل ہونے کا انکشاف ہوا۔
مزکورہ منشیات کھیپ ملائیشیا میں پکڑے جانے کے بعد ملائیشین حکام کی جانب سے ایف بی آر حکام کو بھیجے گئے ہنگامی مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ ملائیشین حکام کے 27 اکتوبر 2023 کو ملائیشیا کے شعبہ نارکوٹکس کرائم انویسٹی گیشن نے کسٹمز ڈپارٹمنٹ کے ساتھ مشترکہ طور پر چھاپے مارے، ملائشیا میں چیراس پرائما کے گودام پر چھاپے کے دوران ملائیشین حکام نے بوریوں سے بھرے ہوئے کنٹینر کی تلاشی لی گئی تو کنٹینر میں پیاز کے بجائے تھیلوں میں منشیات کے پیکٹس موجود تھے۔
دستاویز کے مطابق ملائشین نارکوٹکس کرائم انویسٹی گیشن ڈپارٹمنٹ نے 24 اکتوبر 2023 کو پاکستان سے ایک کنٹینر کو کلونگ کی بندرگاہ پر پہنچنے کے بعد پتہ لگایا تھا، 21 سے 53 سال کی عمر کے تمام مشتبہ افراد کو خطرناک منشیات ایکٹ (ADB) کے سیکشن 39بی کے تحت حراست میں لیاگیا ہے۔
دستاویز کے مطابق ملائشین حکام نے پانچ مقامی مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
پریونٹو کلکٹریٹ کراچی میں دو مقامی افراد سے تفتیش جاری ہے اب تک کی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ جس ایکسپورٹر کمپنی کی جانب سے پیاز کی کھیپ بھیجی گئی وہ نئی کمپنی ہے اور یہ ان کی دوسری شپمنٹ تھی۔ جبکہ تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لئے حکام سے مزید تفصیلات مانگی گئی ہیں جن کے موصول ہونے کا انتظار کیا جا رہا ہے۔
پیاز کی کھیپ جانے سے پہلے پورٹ پر اس کو ڈرگ انفورسمنٹ سیل کی جانب سے چیک کرنے کا بھی دعوی کیا گیا ہے۔ چیکنگ کے باوجود اتنی بڑی مقدار میں منشیات بیرون ملک پہنچنا کنسائمنٹ کی ایگزامینیش مشکوک ہے۔