رپورٹ: عمران خان
کراچی:ایف بی آر نے کراچی میں ٹیکس فراڈ کرنے پر بیکری کی معروف برانڈ چین (Hobnob)ہاب ناب کی دکانیں سیل کردیں۔مذکورہ فوڈ چین کے چیف آپریٹنگ افسر عامر لاکھانی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میڈیم ٹیکس آفس کراچی کے زو ن ون کی ٹیم نے چھاپہ مار کر ٹیکس فراڈ کرنے پر بیکری کی معروف برانڈ چین (Hobnob)ہاب ناب کی دکانیں سیل کردیں۔یہ کارروائیاں اسسٹنٹ کمشنر لاریب خان کی سربراہی میں ایف بی آر کی ٹیموں نے کراچی کے علاقوں بوٹ بیسن ڈالمین مال،شبہاز کمرشل کلفٹن میں کیں۔
ایف بی آر کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ اس بیکری برانڈ کی یہ آؤٹ لیٹس ایف بی آر کے پی او ایس سسٹم (پوائنٹ آف سیل) سے منسلک ہونے کی درجہ بندی میں آتی ہیں۔تاہم یہاں سے شہریوں کو خریداری کے بعد غیر مصدقہ کمپیوٹرائزڈ رسیدیں جاری کرکے جان بوجھ کر سیلز ٹیکس چوری کی وارداتیں کرکے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچایا جا رہا تھا۔
ایف بی آر کے مطابق پی او ایس سے منسلک ہونے کی درجہ بندی میں آنے والی دکانیں،سپر اسٹور،چینز،شاپنگ سینٹراور دیگر خوردہ فروش اس بات کے پابند ہوتے ہیں کہ جیسے ہی شہری ان کے پاس سے خریداری کریں اسی وقت ان کو جاری ہونے والی بل کی رسیدوں پر سیلز ٹیکس کی کٹوتی ہو کر قومی خزانے میں چلی جائے اور ان کی کمپیوٹرائزڈ رسیدوں پر موجود کیو آر کوڈ کو اسکین کرکے شہری خود بھی معلوم کرسکیں کہ ان کی جانب سے ادا کیا گیا سیلز ٹیکس قومی خزانے میں منتقل بھی ہوا ہے کہ نہیں تاہم اس کو یقینی بنانے میں مذکورہ فوڈ چین برانڈ کمپنی ناکام ہوئی اور ان کی اس جعلسازی اور فراڈ کے نتیجے میں ان کے خلاف ان کی دکانیں سیل کرنے کی کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔