رپورٹ :عمران خان
کراچی: افغان ٹرانزٹ کے نام پر در آمد ہونے والے سامان کے عوض جعلی مسلم کمرشل بینک گارنٹیاں جمع کروانے والا نیٹ ورک پکڑ ا گیا ۔ابتدائی طور پر 2ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ کلیئرنگ فاورڈنگکمپنی کے مالکان کی گرفتاری کے لئے کارروائی جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹوریٹ ٹرانزٹ ٹریڈ نے جعلی بینک گارنٹی جمع کروانے پر میسرز گورمک(Gomruk) فاورڈنگ ایجنسی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ۔مذکورہ کلیئرنگ ایجنٹ کمپنی افغان در آمد کنندہ گان کا سامان کراچی کی بندرگاہوں سے کلیئر کروانے کا کام کرتی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ دنوں بعض افغان تاجروں کی جانب سے افغانستان کے لئے سامان کی کھیپیں کراچی کی بندرگاہ سے کلیئر کروائی گئیں ۔جس کے لئے نجی بینک کی حسن اسکوائر برانچ کی بینک گارنٹیاں گورمک(Gomruk) فاورڈنگ کمپنی کے ذریعے کسٹمز حکام کو دی گئیں ۔افغان ٹرانزٹ ٹریڈ کے ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم نے جب ان بینک گارنٹیوں کی تصدیق بعد ازاں نجی بینک انتظامیہ سے کروائی تو انہوں نے ان سے لاعلمی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں جعلی قرار دے دیا ۔
کسٹمز ٹرانزٹ ٹریڈ کے ڈائریکٹوریٹ نے یہ واردات پکڑے جانے پر مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے ۔مقدمہ میں مسلم کمرشل بینک حسن انکوائر برانچ کے متعلقہ عملے کے علاوہ عرفان نامی شخص کو بھی نامزد کیا گیا ہے ۔اسی کیس میں جواد اور زاہد نامی دو افراد کو ابتدائی طور پر گرفتار کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔