انڈس گزٹ
پشاور:ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور نے حوالہ ہنڈی میں ملوث 2ملزمان کو گرفتار کرکے سیل کردیا۔کارروائی میں ملزمان سے ایک کروڑ 31لاکھ روپے کے مساوی ملکی اور غیر ملکی کرنسی ضبط کرلی گئی ۔
اطلاعات کے مطابق ڈائریکٹر کے پی زون نثار احمد تنولی کی ہدایت پر ہنڈی حوالہ اور کرنسی کی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون میں ڈپٹی ڈائریکٹر کمرشل بینکنگ سرکل پشاور افضل خان نیازی کی زیر نگرانی چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گئی۔
ایف آئی اے کی ٹیم نے خفیہ اطلاع پرکارروائی کرکے حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث 2 ملزمان شیری زمان اور محمد سلیم کو گرفتار کر لیا. ملزمان کو نوشہرہ سے گرفتار کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سے 1 کروڑ 31 ہزار روپے برآمد کر لئے گئے۔جبکہ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔
ملزمان سے ہنڈی حوالہ سے متعلق متعدد رسیدیں اور موبائل فونز بھی برآمد کر لئے گئے۔ ملزمان کے زیر استعمال آفس کو سیل کر دیا گیا ہے۔ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگو لیٹری ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔