رپورٹ : عمران خان
کراچی: ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے رات گئے حوالہ ہنڈی کے بڑے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 11کروڑ روپے کے لگ بھگ مالیت کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی ضبط کرتے ہوئے کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت کا کاروبار کرنے والے 3ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
ذرائع کے بقول ڈائریکتر ایف آئی اے کراچی زون ضعیم اقبال شیخ کی ہدایت ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کے ڈپٹی ڈائریکٹر ایاز مہر کی سربراہی میں ٹیم نے حوالہ ہنڈی کی خفیہ اطلاع پر ایم اے جناح روڈ پر قائم وہاب آرکیڈ نامی بلڈنگ کے دفتر پر چھاپہ مارا جہاں سے 32ہزار 700امریکی ڈالر،15ہزار سعودی ریال اور کارٹن میں بھرے ہوئے 9کروڑ 80لاکھ روپے کے لگ بھگ پاکستانی کرنسی نوٹ بر آمد ہوئے۔
موقع سے 5موبائل فون اور لین دین کے ریکارڈ کے کئی رجسٹرڈ ضبط کئے گئے۔مقدمہ ازاں مقدمہ الزام نمر 12/2023میں فارن ایکسچینج ریگو لیٹری ایکٹ کی دفعات کے تحت ملزما ن محمد شاہد ،محمد حسین اور عبدالرشید کو نامز کرکے تفتیش شروع کردی گئی۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق نئے ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی ضعیم اقبال شیخ کی تعیناتی کے فوری بعد کراچی میں ہونے والی اس بڑی کارروائی نے ثابت کردیا ہے کہ اس سے قبل سابق ڈائریکٹر کے دور میں حوالہ ہنڈی میں ملوث عناصر کے خلاف ملک کے دیگر زونز کے مقابلے میں بہت کم اور ہلکی پھلکی کارروائیاں ہو رہی تھیں تاہم زونل ڈائریکٹر کا یہ ٹرانسفر کسی حد تک مثبت تبدیلی لے کر آیا ہے۔