انڈس گزٹ
کراچی:کسٹمز انٹیلی جنس نے سندھی مسلم سوسائٹی میں 2بنگلوں سے 15کروڑ روپے مالیت کا اسمگلنگ کا سامان بر آمد کرلیا ۔
دونوں بنگلوں کو اسمگلروں کی جانب سے بھارتی پان مصالحہ ،غیر ملکی سیگریٹ ،سگار،شیمپو ،بیوٹی کریموں ،لیڈیز بیگ اور بٹوے وغیرہ کے کئے ڈمپنگ پوائنٹس کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا۔
کارروائی میں 2ملزمان کو گرفتار کیا گیا جن کی نشاندہی پر ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی کی ٹیم نے سامان ضبط کرنے کے بعد ملوث کرداروں محمد عمران خولیہ اور عبدالقادر خولیہ کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ڈرائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈانویسٹی گیشن کراچی نے کامیاب کارروائی کے دوران 14کروڑ۔ سے زائدمالیت کااسمگل شدہ سامان ضبط کرکے ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں۔
دستاویزات کے مطابق کسٹمز انٹیلی جنس حکام کو خفیہ اطلاع ملی کہ سندھی مسلم ہاﺅسنگ سوسائٹی کے علاقے میں قائم رہاہشی گھروں میں غیرقانونی طور پر گودام قائم کئے ہوئے ہیں۔ جن میں بھاری مقدارمیں اسمگل شدہ سامان رکھاہواہے۔
جس پر ڈائریکٹر انجینئرحبیب کی جانب سے کارروائی کے لئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ۔بعد ازاں سپرنٹنڈنٹ ارشادشاہ، انٹیلی جنس آفیسرزاحسان خواجہ، علی خان، جہانزیب خان سمیت دیگرافسران واہلکاروں پر مشتمل ٹیم کی جانب سے سندھی مسلم ہاﺅسنگ سوسائٹی دوگھروںبنگلو نمبر B-131،اسٹریٹ نمبر 11 ،بلاک B،سندھی مسلم سوسائٹی اور بنگلو نمبر B-151،اسٹریٹ نمبر 11 ،بلاک B،سندھی مسلم سوسائٹی پر چھاپہ مارکارروائی کی گئی۔
کارروائی میں ان گھروں میں قائم گوداموں سے بھاری مقدار میں سگریٹ، سیگار، لیڈیزبیگ، مردانہ بیلٹ، والٹس، فلیورپان مصالحہ، کریم، شیمپو، حاجمولہ، ٹوتھ پیسٹ، وکس، کی چین اور دیگر انڈین سامان برآمد ہوا جس کی مالیت15کروڑروپے سے زائدبتائی گئی ہے۔
کسٹمزانٹیلی جنس اسمگل شدہ سامان ضبط کرکے دوملزمان کوگرفتار کرکے عدالت سے ریمانڈ حاصل کرلیاہے۔ تاکہ ملزمان سے تفتیش کرکے اسمگلنگ میں ملوث عناصر کی گرفتاری کی جاسکے۔
ابتدائی تحقیقات میں دو ملزمان کو موقع سے حراست میں لیا گیا جنہوں نے بتایا کہ مذکورہ بنگلے محمد عمران خولیہ اور عبدالقادر خولیہ کے زیر استعمال ہیں اور یہ سامان بھی انہی کا ہے جسے مقامی مارکیٹ میں یہاں ڈمپ کرنے کے بعد سپلائی کیا جاتا تھا ۔
ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی کی ٹیم نے گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر دونوں مرکزی ملزمان محمد عمران خولیہ اور عبدالقادر خولیہ کو مقدمات میں نامزد کرکے ان کی گرفتاریوں کے لئے کارروائی شروع کردی ہے جن سے اسمگلنگ کا سامان ٹرانسپورٹیشن کے بعد ان بنگلوں تک پہنچانے والے نیٹ ورک کی معلومات لی جائیں گی۔