ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر مختلف کارروائیوں میں 2ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
دونوں ملزمان کو ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے امیگریشن کراچی علی مراد بالادی کی نگرانی میں ابتدائی کارروائی کے بعد اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی اور پنجاب کی لیہ پولیس کے حوالے کردیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق پہلی کارروائی میں سینیگال سے واپس آنے والے مسافر کو ایئرپورٹ سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کے پاسپورٹ پر جعلی امیگریشن اسٹیمپس لگی ہوئی تھیں جبکہ پاسپورٹ پر یونان کی ایگزیٹ اسٹیمپ بھی جعلی نکلی۔
ایف آئی اے کے مطابق حماد نعیم نامی ملزم 7 جون کو ملتان ایئرپورٹ سے سینیگال روانہ ہوا تھا، ابتدائی تفتیش کے مطابق زبیر نامی ایجنٹ نے ملزم کو سینیگال سے اٹلی بھیجنا تھا، ملزم کو قانونی کارروائی کیلیے اینٹی ہیومن ٹریفیکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔
دوسری کارروائی میں لیہ پولیس کو مطلوب ملزم کو طیارے سے آف لوڈ کیا گیا۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم محمد شکیل سعودی عرب روانہ ہو رہا تھا، اس کا نام اسٹاپ لسٹ میں تھا۔ ملزم کو گرفتار کر کے لیہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔