رپورٹ: عمران خان
کراچی: محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے ایکس سروس مین سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر کو رشوت وصول کرتے ہوئے فرنٹ مین کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

تفصیلات کےمطابق محکمہ اینٹی کرپشن سندھ کے زون ایسٹ کراچی کی ٹیم نے رشوت ستانی کی اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ہاؤسنگ سوسائٹی کا ایڈمنسٹریٹر رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا۔

ڈائریکٹر محکمہ اینٹی کرپشن سندھ امتیاز ابڑو کے مطابق مذکورہ کاروائی شہری رضا رسول کی درخواست پر ایسٹ زون کے تحت کی گئی۔

ڈائریکٹر کا مزید کہنا تھا کہ اس کارروائی میں ایکس سروس مین سوسائٹی کے ایڈمنسٹریٹر الطاف سولنگی کو اس کے ایجنٹ موسیٰ سمیت رنگے ہاتھوں حراست میں لے کر مقدمہ درج کر لیا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے شکایت کنندہ سے اپنے دو کمرشل پلاٹوں پر باؤنڈری وال کی تعمیر کی این او سی کے لئے 2 لاکھ روپے وصول کئے تھے۔

ملزمان کے خلاف مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے جس میں سوسائٹی کے دیگر امور کے حوالے سے رشوت وصولی کی تحقیقات سمیت ان کے دیگر ساتھیوں کو شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔ جبکہ اس ضمن میں مزید ریکارڈ حاصل کرکے چھان بین کی جارہی ہے۔