انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی: ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پورٹ قاسم ایکسپورٹ نے ٹیکسائل کمپنی کی جانب سے لاکھوں روپے کی ٹیکس چوری کی واردات کا سراغ لگاتے ہوئے ریکوری کرلی ۔
ذرائع کے مطابق ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ پورٹ قاسم ایکسپورٹ کو اطلاع موصول ہوئی کہ ٹیکسٹائل کمپنی کی جانب سے بر آمد کی جانے والی کھیپ میں جعلسازی کے ذریعے ٹیکس چوری کی جا رہی ہے ۔اس اطلاع پر ماہین ٹیکسٹائل کمپنی کی مذکورہ کھیپ کی کلیئرنس کو روک کر چھان بین شروع کی گئی ۔
تحقیقات کے دوران معلوم ہوا کہ ماہین ٹیکسٹائل کی جانب سے ( ایکسپورٹ فیسلی ٹیشن اسکیم ) کے تحت اس کھیپ کی کلیئرنس کے لئے داخل کی گئی گڈز ڈکلریشن ( جی ڈی ) میں اس کو پولیسٹر مائیکو فائبر واٹر پروف فیبرک کی بر آمد ظاہر کیا ۔
تاہم فزیکل چھان بین میں معلوم ہوا کہ در حقیت کنٹینر میں موجود سامان میں 84رول نہ ہی واٹر پروف تھے اور نہ ہی کوٹیڈ تھے ۔جس سے معلوم ہوا کہ کمپنی نے ایکسپورٹ کے نام پر جو سامان در آمد کیا اس کو مینو فیکچرنگ کے بعد ایکسپورٹ نہیں کیا جا رہا تھا ۔
جس پر کلکٹریٹ کی جانب سے ایک اسسمنٹ الرٹ جاری کرتے ہوئے کمپنی سے ریکوری کے لئے 26لاکھ روپے سے زائد کا تخمینہ لگایا گیا ۔کلکٹریٹ نے یہ رقم کمپنی سے وصول کرنے کے بعد قومی خزانے میں جمع کروادی ۔