انڈس گزٹ رپورٹ
لاہور: ایف آئی اے نے علامہ اقبال ایئر پور لاہور پر تعینات کسٹمز افسران کی سہولت کاری سے چلنے والا ٹی جے ٹریڈرز کاحوالہ ہنڈی اور اسمگلنگ کا نیٹ ورک پکڑ لیا۔اس ضمن میں درج مقدمہ میں لاہور سے دبئی تک یہ نیٹ ورک چلانے والے باپ بیٹے کے ساتھ ہی کسٹمز کے 4افسران شاہنواز لنگڑیال،حر عباس، رانا بابراور ناصر کو بھی نامزد کرکے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق گزشتہ روز ایف آئی اے کی ٹیم نے لاہور کے ہال روڈ برادرز پلازہ میںقائم ٹی جے ٹریڈرز کے دفتر پر چھاپہ مارکر ملزم عماد جہانگیر کو گرفتار کرکے موبائل فونز اور دیگر ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ ملزمان کی خدمات حاصل کرنے والے تاجروں کی طویل فہرست پر مزید تحقیقات شروع کردی گئیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزم عباد اور اس کا والد جہانگیرلاہور کے علامہ اقبال ایئر پورٹ سے دبئی تک چلنے والے حوالہ ہنڈی اور اسمگلنگ کے نیٹ ورک کے مرکزی کردار ہیں۔
ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ ملزمان ٹی جے ٹریڈرز کمپنی کی آڑ میں ہال روڈ، نیلا گنبد، برانڈرتھ روڈ ، حفیظ سینٹر ،مولانا شوکت علی روڈ، جیل روڈ، فیصل ٹاو¿ن، جوہرٹاو¿ن، منٹگمری روڈ کے درجنوںتاجروں کے اربوں روپے غیر قانونی طور پر بیرون ملک منتقل کرنے کے لئے کو حوالہ ہنڈی کی خدمات فراہم کرنے کے ساتھ انہیں غیر ملکی مہنگی کنفکشنری ،لیپ ٹاپ اور موبائل فونز کی کھیپیں سپلائی کرتے رہے ہیں ۔نیٹ ورک دبئی سے عماد کا والد جہانگیر اور لاہور ہال روڈ سے عماد خود اپنے دیگر کارندوں کے ساتھ چلاتا رہا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق حوالہ ہنڈی میں ملوث اس بین الاقوامی نیٹ ورک کو اسمگلنگ میں سہولت کاری ی فراہم کرنے میں لاہور ایئر پورٹ پر تعینات کسٹمز افسران اور عملہ بھی شامل ہے۔جس کے شواہد ملنے پرایف آئی اے نے سپرنٹنڈنٹ کسٹمز شاہنواز لنگڑیال، سپرنٹنڈنٹ حرعباس، انسپکٹر کسٹم رانا بابر، کسٹم اہلکار ناصر کو ابتدائی طور پر مقدمہ میں نامزد کرکے ان کے حوالے سے بھی تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا ہے۔