ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ا?ف پاکستان (ڈریپ) نے ادویات پر بارکوڈ نہ لگانے والی ادویہ ساز کمپنیوں کو انتباہی خطوط جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ترجمان ڈریپ کے مطابق وفاقی سیکرٹری ہیلتھ افتخار شلوانی کے زیر صدارت پالیسی بورڈ کا اجلاس ہوا، پالیسی بورڈ نے اتھارٹی کو ادویات ساز ایسی تمام کمپنیوں کوانتباہی خطوط جاری کرنے کی ہدایت کی ہے جو اپنی مصنوعات کی پیکنگ پر بارکوڈ پرنٹ نہیں کر رہیں۔
وفاقی سیکرٹری صحت پالیسی بورڈ ڈریپ کا اعلیٰ ترین بورڈ ہے، سیکرٹری صحت بورڈ نے سیکرٹری وزارت نیشنل ہیلتھ کی سربراہی میں بارکوڈنگ رولز پر عملدرآمد کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ادویات کے مینوفیکچررز اور درآمد کنندگان کو اپنی مصنوعات کی پیکیجنگ پر 2 ڈی بارکوڈنگ پرنٹ کرنا ہوگی، ادویات کی مصنوعات کی نشاندہی اور شناخت کے لیے 2 ڈی بارکوڈ میٹرکس جیسے اقدامات کرنے سے تمام جعلی اور نقلی ادویات کے خاتمے میں مدد ملے گی۔
مارکیٹ میں جعلی اور نقلی و غیر قانونی ادویات کا داخلہ روکنے کے لیے یہ بڑا اہم قدم ہے، بورڈ میں فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ دو ہفتوں کے دوران قوانین کے مطابق بارکوڈز کی پرنٹنگ کو یقینی بنایا جائے گا۔
اس ضمن میں ڈریپ ان تمام فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو فوری طور پر انتباہی خطوط جاری کرے گا جنہوں نے اپنا بارکوڈ ڈیٹا ڈریپ کے ساتھ رجسٹر نہیں کیا اور جو کمپنیاں اپنی مصنوعات کی پیکنگ پر 2 ڈی بارکوڈ پرنٹ نہیں کر رہی ہیں۔