رپورٹ: عمران خان
کراچی: ایف آئی اے نے بلوچستان سے آنے والی مسافر بس سے اسمگلنگ کا سامان سے پکڑنے کے بعد چیک پوسٹس پر تعینات ملوث سرکاری اہلکاروں کے خلاف تحقیقات شروع کردیں۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن اینڈ کرائم سرکل کراچی کی ٹیم نے خفیہ اطلاع موصول ہونے پر شہر کے پرہجوم وسطی علاقے الکرم اسکوائر پر بلوچستان سے کراچی آنے والی مسافر بس پر چھاپہ مارا۔
کارروائی میں مسافر بس کے خفیہ خانوں سے لاکھوں روپے مالیت کے اسمگل شدہ غیرملکی برانڈز کے سیگریٹ اور دیگر اشیاء برآمد ہوئیں ، سامان بس کے خفیہ مقامات سے اسکرو ڈرائیور کی مدد سے پیچ کھول کر برآمد کیا گیا ۔
ابتدائی تفتیش میں بس کے ڈرائیور ظفراللہ خان نے انکشاف کیا کہ یہ تمام سامان بس کے مالک موسی خان کا ہے جو کہ کوئٹہ سے تعلق رکھتا ہے۔
ایف آئی اے کے مطابق راستے میں محکمہ کسٹمز، پولیس، کوسٹ گارڈز، رینجرز، لیویز سمیت دیگر اداروں کی متعدد چیک پوسٹس ہونے کے باوجود یہ مسافر بس بلوچستان سے کروڑوں روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان لے کر کراچی کے مرکزی علاقے میں پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔
واضح رہے کہ ان تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے پاس اینٹی اسمگلنگ کے قانون کے تحت کارروائی کا اختیار موجود ہے۔
ایف آئی اے نے بس ڈرائیور کو گرفتار کرکے بس کے مالک موسی خان کے خلاف مقدمہ الزام درج کرلیا۔ جبکہ اس معاملے میں ملوث چوکیوں کے سرکاری اہلکاروں کے خلاف انکوائری شروع کردی گئی ہے۔