رپورٹ: عمران خان
اسلام آباد: شہریوں کو اغوا کرکے بھاری تاوان وصول کرنے والی ایف آئی اے ٹیم پرائیویٹ ساتھی سمیت گرفتار ہوگئی۔ ایف آئی اے ٹیم انچارج بھی معطل کردیا گیا معاملے پر مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی۔
اطلاعات کے مطابق آئی اے کے جعلی چھاپے میں دو شہریوں کو گرفتار کرنے والے 3 اہلکاروں سمیت چار افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔
مزید معلوم ہوا کہ ایچ او تھانہ ایف آئی اے فیصل آباد کی ٹیم کے تین خاص اہلکاروں اے ایس آئی مدثر ارشاد، کانسٹیبل غلام شبیر اور علی فیروز نے اپنی ٹیم کے پرائیویٹ ساتھی احمد کے ہمراہ ساہیوال میں چھاپہ مارکر شاہزیب اور لقمان نامی شہری کو گرفتار کیا۔
بعد ازاں 33 لاکھ روپے سے زائد بھتہ وصول کرنے کے بعد انہیں رہا کردیا۔
معاملہ سامنے آنے کے بعد ایف آئی اے حکام کی ہدایت پر مذکورہ تینوں ایف آئی اے اہلکاروں کو ان کے پرائیویٹ ساتھی سمیت گرفتار کرلیا گیا جبکہ ان کے انچارج ایس ایچ او تھانہ ایف آئی اے عابد گل کو لائن حاضر کرکے انسپکٹر شہریار رزاق کو نیا ایس ایچ او تعینات کردیا گیا۔
مذکورہ چاروں گرفتار ملزمان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے جبکہ ان کے انچارج عابد گل کے خلاف بھی انکوائری کا سلسلہ جاری ہے۔