رپورٹ انڈس گزٹ

پشاور: ڈیرہ اسماعیل خان کے تھانہ درابن کی حدود میں میں کسٹمز انٹیلی جنس کی گاڑی پر حملے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 7 ہوگئی، جس میں ایک راہگیر معصوم بچی بھی شامل ہے۔

کسٹمز اہلکاروں پر فائرنگ کے افسوسناک واقعہ میں شہید ہونے والے 5 اہلکاروں کو شناخت کرلیا گیا ۔حملے کی ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ نامعلوم حملہ آور موٹر سائیکلوں پر آئے سگو روڈ پر جھاڑیوں میں چھپ کر گھات لگاکر بیٹھے گئے تھے ۔بعد ازاں انتہائی سرعت میں کارروائی کرکے انہی موٹر سائیکلوں پر فرار ہوئے۔

ڈیرہ اسماعیل خان کے سگو روڈ پر گشت پر مامور کسٹمز انٹیلی جنس کے اہلکاروں کی گاڑی پر حملے میں شہید ہونے والوں کی شناخت انسپکٹر محمد اسلم مروت،حوالدار عنایت اللہ،حوالدار اکبر زمان،سپاہی آفتاب عالم ،سپاہی شہاب علی کے ناموں سے ہوئی ۔

پولیس حکام اور ڈپٹی کمشنر آفس کے مطابق جمعرات کے روز ڈیرہ اسماعیل خان میں درابن روڈ پر فائرنگ سے 5 کسٹم اہلکاروں سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک راہگیر بھی شامل ہے جبکہ واقعہ میں ایک راہگیر صفت اللہ اور ایک بچی لائبہ بھی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔

ادھر کسٹمز کلکٹر کا کہنا تھا کہ اہلکار معمول کے گشت پر تھے، جب ملزمان نےفائرنگ کانشانہ بنایا۔کسٹمز کلکٹر کرم الہٰی کے مطابق حملہ آورسگو کے قریب جھاڑیوں میں چھپ کر بیٹھے تھے اور جب کسٹمز کی گاڑی سگو روڈ پر دوپہر 3 بجکر 30 منٹ کے قریب اس مقام پر پہنچی تو ملزمان نے کسٹم اہلکاروں کو فائرنگ کانشانہ بنایا۔ پولیس کو اس کرائم سین کے قریب جھاڑیوں سے گولیوں کےخول برآمد ہوئے ہیں۔جنہیں استعمال ہونے والے اسلحہ کی پہچان کے لئے فارنسک چھان بین کے لئے بھیج دیا گیا ہے۔

کسٹمز اہلکاروں کی شہادت پر صدر پاکستان آصف علی زرداری، چیئرمین ایف بی آر، ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس سمیت دیگر حکومتی عہدیداروں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ہے جبکہ پولیس نے واقعہ کے بعد پورے علاقے کی ناکی بندی کے ذریعے ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کرنے کے یقین کا اظہار کیا ہے۔