کراچی: پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کلکٹریٹ کی ارائیول پر کارروائی میں قیمتی آئی فونز، لیپ ٹاپس، لیڈیز کپڑا اور کاسمیٹکس اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور 29 موبائل فونز کو جسم سے باندھنے والے مسافر کو گرفتار کرلیا۔
ایڈیشنل کلیکٹر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کلیکٹریٹ فیصل خان نے بتایا کہ فلائی دبئی کی پرواز ایف زیڈ333 سے آنے والے ایک مسافر محمد دانیال ناصر اپنے سامان کے ساتھ گرین چینل سے نکلنے کی کوشش کررہا تھا۔
انہوں نے کہا کہ کسٹمز حکام نے شک کی بنیاد پر مسافر کو ایگزامنیشن کاؤنٹر منتقل کیا اور مسافر کے جسم اور سامان کی جانچ پڑتال کی گئی۔
فیصل خان نے بتایا کہ جانچ پڑتال کے دوران مسافر کے جسم سے بندھے 29آئی فونز برآمد ہوئے، اس کے علاوہ مسافر کے سامان سے مزید 14آئی فونز، 2 لیپ ٹاپس، لیڈیز کپڑا، چاکلیٹس اور کاسمیٹکس برآمد ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ مسافر سے برآمد ہونے والی اشیا کی مالیت 75لاکھ روپے ہے، حکام نے مقدمہ درج کرکے مسافر کو گرفتار اور ان کا سامان ضبط کرلیا ہے۔