انڈس گزٹ رپورٹ
گوادر: کسٹمز انٹیلی جنس گوادر کی ٹیم نے خضدار کے قریب کارروائی کرتے ہوئے انٹر سٹی مسافر بس سے 5کروڑ روپے مالیت کے اسمگل شدہ بھارتی گٹکااور چھالیہ بر آمد کرلیا ۔
کسٹمز حکام کے مطابق ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹم انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن گوادر کے ڈائریکٹر معین افضل کی ہدایت پر کسٹمز انٹیلی جنس افسر محمد صادق نے اپنے ٹیم میں شامل اہلکاروں اور ایف سی کے ساتھ بلوچستان کے علاقے خضدار کے قریب سے گزرنے والی انٹر سٹی مسافر بسوں کی چیکنگ کے دوران ایک مسافر بس کے خفیہ خانوں میں مہارت سے چھپائے گئے اسمگل شدہ سامان کی بھاری مقدار ضبط کرلی۔کارروائی اس وقت کی گئی جب ڈی جی کسٹمز انٹیلی جنس کی جانب سے اسمگلنگ کے خلاف بھر پور کارروائیوں کے احکامات پر کسٹمز انٹیلی جنس گوادر کی جانب سے مسافروں بسوں کی کڑی نگرانی کی جارہی تھی ۔
کسٹمز حکام کے مطابق مذکورہ کارروائی میں بر آمد ہونے والے سامان میں اسمگل شدہ مضر صحت بھارتی گٹکے کے مختلف برانڈز کے 14لاکھ پاوئچ اور اسمگل شدہ بھالیہ کے 185بورے شامل ہیں ۔
سامان کو ضبط کرکے ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے ۔