انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی:ایف آئی اسٹیٹ بینک سرکل نے صدر کے علاقے میں چھاپہ مار کر حوالہ ہنڈی میں ملوث 2ملزمان کو گرفتار کرلیا۔غیر قانونی ایکسچینج کمپنی چلانے والے ان ملزمان کے قبضے سے امریکی ڈالرز اور یورو کرنسی کے ساتھ 5لاکھ روپے پاکستانی بھی بر آمد کر لئے گئے ۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل کی ٹیم کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ صدر کے علاقے میں قائم ریکس شاپنگ سینٹر میں بعض ملزمان حوالہہنڈی کا نیٹ ورک چلا رہے ہیں اور تاجروں کو امریکی اور یورو سمیت مختلف ممالک کی کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت کی سہولت فراہم کر رہے ہیں۔
اس اطلاع پر ایف آئی اے ٹیم نے ریکس سینٹر کی دکان پر چھاپہ ما ر کر دو ملزمان کو غیر ملکی کرنسی کی غیر قانونی خرید و فروخت کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں حراست میں لے لیا ۔
جن کی شناخت کاشف ولد محمد حنیف اور علی ولد شاہد معلوم ہوئی ۔دونوں ملزمان سے امریکی ڈالرز اور یورو ضبط کر لئے گئے ۔
ملزمان کے موبائل فونز کی چھان بین سے حولاہ ہنڈی کے متعدد پیغامات اور تاجروں کو دی گئی کرنسی کی ڈیلوری کے پیغامات ملے ۔جس کے بعد ملزمان کی نشاندہی پر ان کے گھر سے حوالہ ہنڈی کی مد میں وصول کئے گئے 5لاکھ روپے نقد اورمختلف بینکوں کی چیک بکس بر آمد کر لی گئیں۔
دوران تلاشی سیاسی شیشوں کا اجازت نامہ بھی ملا جس کے اصلی یا جعلی ہونے کی تصدیق وزارت داخلہ سے کی جا رہی ہے ۔
ملزمان کے خلاف مقدمہ الزام نمبر 19/2024درج کرکے ان کے مزید ساتھیوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔