رپورٹ: عمران خان
اسلام آباد: ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے رفعت مختار نے عہدے کا چارج سنبھال لیا
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ڈی جی ایف آئی اے رفعت مختار کا تعلق پولیس سروس آف پاکستان کے 24 ویں کامن سے ہے۔
اس سے قبل رفعت مختار نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس میں بطور انسپکٹر جنرل اپنی خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ دوران سروس انہوں نے مختلف اہم عہدوں پر کام کیا۔
رفعت مختار راجہ وزارت داخلہ میں بطور ایڈیشنل سیکرٹری بھی خدمات سرانجام دیں۔ اس کے علاوہ انسپکٹر جنرل پولیس سندھ بھی تعینات رہے۔
ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار بطور آر پی او گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد اور بہاولپور بھی اپنی خدمات سر انجام دے چکے ہیں۔
ایف آئی اے ہیڈکوارٹرز آمد کے موقع پر افسران سے ان کا تعارف کروایا گیا اور ادارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
ڈائریکٹر جنرل رفعت مختار نے کہا کہ ایمانداری، فرض شناسی اور قانون کی عملداری کو یقینی بنایا جائے گا اس کے ساتھ ہی پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لئے موثر حکمت عملی کو یقینی بنایا جائے اور بدعنوانی کے خلاف زیروٹالرنس پالیسی کے تحت اقدامات جاری رہیں گے. جبکہ پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی میں کسی قسم کی غفلت کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔