عمران خان
کراچی: بڑی ہومیو فارما کمپنی ”ناز ہومیو فارمیسی“میں پر اسرار سرگرمیوں اور ادویات کے بڑے پیمانے پر غیر قانونی کاروبار کا انکشاف ہونے پر ڈرگ ریگو لیٹری اتھارٹی(ڈریپ) نے کمپنی مالکان کے خلاف حتمی کارروائی کے لئے معاملہ ایف آئی اے کے سپرد کردیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کے توسط سے سندھ زون کے ایف آئی اے حکام کو بھیجی گئی درخواست پر جلد کارروائی کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔
ذرائع کے بقول ہومیو پیتھی ادویات کی کمپنی کے خلاف رہائشی علاقے میں لائسنس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فیکٹری چلانے پر تحقیقات شروع ہوئیں۔ تاہم بعد ازاں اس میں غیر قانونی طور پر شوگر،درس، جوڑوں اور پٹھوں کی سوجن وغیرہ کی ایلو پیتھک ادویات بڑے پیمانے پر غیر قانونی طور پر بنانے اور مارکیٹ میں سپلائی کرنے کے شواہد بھی سامنے آگئے۔
رائع سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ رمضان المبارک سے قبل ڈرگ ریگو لیٹری اتھارٹی(ڈریپ) کی ایک ٹیم نے میسرز ناز ہومیو فارما کے حوالے سے غیر رجسٹرڈ ادویات اپنی فیکٹری میں بنانے اور ان کی بھاری مقدار مقامی مارکیٹ میں فروخت کے لئے سپلائی کرنے کی اطلاعات پر ایک کارروائی کی۔
واضح رہے کہ ڈرگ ریگو لیٹری اتھارٹی(ڈریپ) کے قوانین کے تحت کوئی بھی ہومیو پیتھی کی کمپنی ،متبادل ادویات یا دیسی جوڑی بوٹیوں کی ادویات بنانے والی فیکٹری یا کمپنی کسی بھی صورت میں ایلو پیتھک ادویات نہیں بنا سکتی اور نہ ہی ایلو پیتھک ادویات کے اجزاءاپنی ادویات میں استعمال کرکے فروخت کرسکتی ہے یہ عمل بالکل غیر قانونی اور ڈرگ قوانین کے تحت قابل دست اندازی ہے کیونکہ اس میں عوام کی جان کو سنگین خطرات لاحق ہوسکتے ہیں۔
ایلو پیتھک ادویات بنانے والی فار سوٹیکل کمپنیاں ڈرگ ریگو لیٹری اتھارٹی(ڈریپ) میں اپنی کمپنی ،مشینری اور ماہر اسٹاف کے کئی معائنے کروانے کے بعد اپنی ادویات کے فارمولے ،برانڈ نیم ،اجزائ کی مقداراور قیمت کی تفصیلات فراہم کرکے ڈرگ ریگو لیٹری اتھارٹی(ڈریپ) کے لائسنسنگ بورڈ اور رجسٹریشن بورڈ سے پیچیدہ عمل کے بعد اجازت حاصل کرتی ہیں۔
موصول ہونے والی معلومات کے مطابق گزشتہ دنوں ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کے حکام کو اپنے بعض فیلڈ ماہرین سے معلوم ہوا کہ کراچی کی مارکیٹوں اور میڈیکل اسٹوروں پر شوگر، جوڑوں، پٹھوں کے درد اور سوجن کی متعدد ایسی ایلو پتھ ادویات کے برانڈز موجود ہیں جو کہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ( ڈریپ ) میں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔
فیکٹری میں شوگر، اور جوڑوں کی امراض کی غیر قانونی ادویہ کی کھلے عام فروخت اور ہومیوپتھک دوا ساز کمپنی ایلوپیتھک ادویات تیار کا کا انکشاف ہونے کے بعد ڈریپ نے ایکشن لیتے ہوئے ابداتی کارروائی میں ” این جیسک پلس ٹیبلٹ، اور شوگر ایکسل“ نام کے برانڈ کیپسول غیر رجسٹرڈ قرار دئے۔
اس کے ساتھ ہی چھان بین میں معلوم ہوا کہ مارکیٹ اور میڈیکل اسٹوروں پر موجود این جیسک پلس گولیاں (ٹیبلیٹس) اور شوگر ایکسل کیپسول ناز ہومیو فارما کراچی کی تیار کردہ ہے۔بعد ازاں ڈریپ کراچی کی ٹیم نے اپنے ماہرین کے ساتھ ملیر کینٹ کے علاقے میں قائم ناز ہومیو فارما کی فیکٹری پر چھاپہ مارا جہاں سے حاصل کردہ نمونوں میں ایلو پیتھک اجزاءکی موجودگی لیبارٹری ٹیسٹ میں سامنے آگئی۔
جس پر ڈریپ نے ان ادویات کا ری کال الرٹ جاری کر دیا۔ جس میں کہا گیا کہ این جیسک پلس سنٹرل ڈرگ لیبارٹری ڈریپ سے اور شوگر ایکسل فیڈرل ڈرگ اینالسٹ کے ذریعے غیر رجسٹرڈ قرار دے دئیے گئے۔
ڈریپ ماہرین کے لیبارٹری ٹیسٹ کے مطابق ڈائی کلوفینک سوڈیم سے تیارکردہ این جیسک پلس جوڑوں کے درد کی دوا ہے۔جبکہ شوگر ایکسل کیپسول ٹائپ ٹو ذیابطیس کے علاج کی دوا ہے۔مذکورہ ڈریپ الرٹ میں کہا گیا کہ غیر رجسٹرڈ شوگر ایکسل کیپسول کی افادیت اور ڈرگ سیفٹی غیر یقینی ہے۔اس دوا میں شامل گلیبینکامائیڈ سے شوگر لیول میں کمی بیشی ہو سکتی ہے۔جبکہ اس سے مریض پر بے ہوشی طاری ہو سکتی ہے۔
الرٹ میں فیلڈ فورس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شوگر ایکسل کیپسول اور این جیسک پلس کا اسٹاک ضبط کرے، جب کہ کیمسٹس سے کہا گیا کہ وہ غیر قانونی ادویات کی سیل روکنے کے لیے اپنا اسٹاک چیک کریں۔ الرٹ میں ڈریپ کی صوبائی ٹیموں کو میڈیسن مارکیٹ میں سرویلنس بڑھانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
مزید معلوم ہوا ہے کہ اب ڈرگ ریگو لیٹری اتھارٹی(ڈریپ) کی جانب سے باقاعدہ طور پر ڈی جی ایف آئی اے کو فیکٹری مالکان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دے دی ہے جسے مزید کارروائی کے لئے ایف آئی اے سندھ کے زونل آفس کو ارسال کردیا گیا ہے جس پر جلد ہی کارروائی متوقع ہے۔