ایف آئی اے امیگریشن کراچی ایئر پورٹ کے اسٹاف نے اسلام آباد پولیس کو مطلوب ملزم گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق منگل کے روز کی جانے والی کارروائی میں ایف آئی اے امیگریشن کراچی ائرپورٹ پر تعینات عملے نے متحدہ عرب امارات آنے والے مسافر کو گرفتار کر لیا۔

کراچی ایئر پورٹ سے میگریشن کلیئرنس کے دوران حراست میں لئے گئے ملزم امجد حسین کے حوالے سے معلوم ہوا کہ وہ اسلام آباد پولیس کو مطلوب تھا۔ ملزم کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ یو اے ای سے فلائٹ نمبر FZ-335 سے کراچی پہنچا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم کے خلاف تھانہ گولڑہ شریف میں دفعہ 489F کے تحت مقدمہ درج تھا۔ ملزم کو ایف آئی اے امیگریشن ایئر پورٹ کراچی کے انچارج ڈپٹی ڈائریکٹر علی مراد بالادی کی زیر نگرانی ابتدائی کارروائی کے بعد اسلام آباد پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔