انڈس گزٹ رپورٹ

کراچی: کسٹمز انٹیلی جنس کی جانب سے کراچی بلدیہ ٹاؤن کے 100 فٹ روڈ اور یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر انسداد اسمگلنگ کے بڑے کریک ڈاؤن میں 35 کروڑ کا اسمگل شدہ سامان برآمد کر لیا گیا۔

کسٹمز حکام کے مطابق ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن فیض احمد چدھڑ کی ہدایت پر ریجنل ڈائریکٹوریٹ کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے پاکستان رینجرز سندھ کے ساتھ مل کر بلدیہ کے 100 فٹ روڈ کے علاقے میں انسداد اسمگلنگ کا بڑی کارروائی کی۔

اس کامیاب آپریشن میں مجموعی طور پر 20 ٹرکوں پر مشتمل اسمگل شدہ سامان ضبط کیا گیا جس میں بھاری مقدار میں خشک دودھ، پلاسٹک دانہ، مختلف اقسام کے کیمیکلز، کاسمیٹکس اور دیگر قسم کی اشیاء شامل ہیں۔

کسٹمز انٹیلی جنس کا یہ آپریشن صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک یعنی تقریبا 8 گھنٹوں تک جاری رہا۔

اس آپریشن میں برآمد ہونے والے اسمگل شدہ سامان کی مجموعی مالیت 20 کروڑ روپے لگ بھگ ہے۔

واضح رہے کہ بلدیہ ٹاؤن 100 فٹ روڈ کا علاقہ یوسف گوٹھ بس ٹرمینل کے قریب ہے اور بس اڈے پر آنے والے اسمگل شدہ سامان کو ڈمپ کرنے کے لئے یہاں زیادہ تر اسمگلروں نے گودام قائم کر رکھے ہیں۔

اسی طرح سے کسٹمز انٹیلی جنس کراچی نے دوسری کارروائی میں پولیس کے ساتھ مل کر یوسف گوٹھ بس ٹرمینل پر انسداد اسمگلنگ کا بڑا آپریشن کیا۔

اس کارروائی میں مجموعی طور پر 12 ٹرکوں پر مشتمل اسمگل شدہ سامان ضبط کیا گیا جس میں بھاری مقدار میں خشک دودھ، چھالیہ، ٹائلیں اور دیگر قسم کی اشیاء شامل ہیں۔

کسٹمز انٹیلی جنس کا یہ آپریشن صبح 8 بجے سے دوپہر 2 بجے تک یعنی تقریبا 6 گھنٹوں تک جاری رہا۔

اس آپریشن میں برآمد ہونے والے اسمگل شدہ سامان کی مجموعی مالیت کا تخمینہ 15 کروڑ روپے لگ بھگ ہے۔