کسٹم انفورسمنٹ اے ایس او کی ٹیم نے کراچی کے پوش علاقے کلفٹن کے ایک بنگلے میں غیر ملکی شراب کے اسمگلروں کی جانب سے چھپائی گئی بھاری مقدار پکڑ لی ۔
کسٹمز حکام کے مطابق چیف کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ یعقوب ماکو کی ہدایات پر پریونٹو کلکٹریٹ کی اینٹی اسمگلنگ آرگنائزیشن ( اے ایس او ) کی جانب سے شہر میں اسمگلروں کے خلاف کریک ڈاﺅن جاری ہے ۔اسی سلسلے میں گزشتہ روز موصول ہونے والی خفیہ اطلاع پر غیر ملکی شراب کے اسمگلروں کے خلاف چھاپہ مار کارروائی کی گئی ۔
اے ایس او  ٹیم نے کلفٹن کے علاقے میں ایک گھرپر چھاپہ مارکر اعلیٰ غیر ملکی برانڈ کی850 بوتلیں شراب برآمد کیں۔ جن کی مالیت 85لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق غیر ملکی شراب کے اسمگلروں اور سپلائرز کی جانب سے کلفٹن میں اس گھر کے گودام کو شراب کے لئے خفیہ ڈمپنگ پوائنٹ کے طور پر استعمال کیا جا رہا تھا جہاں سے لاکھوں روپے کی شراب یومیہ پوش علاقوں میں سپلائی کی جا رہی تھی ۔
انفورسمنٹ اے ایس او کی جانب سے کارروائی کرکے بعد شراب ضبط کر کے مقدمہ درج رکر لیا گیا ۔جس کی مزید کارروائی میں شراب کے اسمگلروں اور اصل سرغنوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں ۔