رپورٹ؛ عمران خان
کراچی: ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل نے امریکی ویزے کے لئے جعلی دستاویزات جمع کروانے والے ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا ۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کو امریکی قونصلیٹ کی جانب سےدی گئی درخواست پر ایس ایچ او ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کراچی کی سربراہی میں ایک ٹیم تشکیل دی گئی جس میں لیڈی سب انسپکٹر رافعہ الطاف اور دیگر متعلقہ عملہ شامل تھا۔
امریکی قونصلیٹ کراچی کی تحریری درخواست میں بتایا گیا کہ ایک شخص نے ویزا کے حصول کے لیے وزارت خارجہ پاکستان کا جعلی زبانی نوٹ (Verbal Note) اور پارلیمنٹ ہاؤس کا جعلی سفارشی خط جمع کرایا تھا۔
ایف آئی اے ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم محمد ابراہیم ولد محمد اسماعیل کو امریکی قونصلیٹ کراچی کے باہر سے گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ ملزم نے جعلی دستاویزات کے ذریعے امریکی ویزا حاصل کرنے کی کوشش کی۔
- ملزم کے خلاف ایف آئی آر نمبر 142/25 بجرم دفعہ 420، 468، 471، 34 اور 109 تعزیراتِ پاکستان درج کر لی گئی ہے۔ مقدمے کی تفتیش لیڈی سب انسپکٹر رافعہ الطاف کو سونپی گئی ہے۔ایف آئی اے اے ایچ ٹی سی کراچی زون انسانی اسمگلنگ اور انسانی تجارت کے خلاف جاری مہم کے تحت ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون کی سخت ہدایات پر عمل کر رہا ہے۔ ایف آئی اے حکام کے مطابق تفتیش جاری ہے اور مزید ملوث افراد کی گرفتاری متوقع ہے۔