اسلام آباد( انڈس گزٹ ) ایف آئی اے جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مار کر بھاری مقدار میں ممنوعہ ادویات اور مشینری ضبط کرلی۔
غیر قانونی فیکٹری سے ادویات ملک بھر میں سپلائی کی جا رہی تھیں۔ایف آئی اے نے مقدمہ درج کرکے ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کے لئے کارروائی شروع کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن رضا نقوی کی ہدایات کی روشنی میں جعلی اور ممنوعہ ادویات کی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاو¿ن جاری ہے۔اسی سلسلے میں آج اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی بڑی کاروائی میں ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد افضل خان نیازی کی سربراہی میں خفیہ اطلاع پر غوری ٹاون اسلام آباد میں واقع جعلی ادویات بنانے والی فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا۔
چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں جعلی اور ممنوعہ ادویات برآمدکر لی گئیں ۔مذکورہ فیکٹری سے بھاری مشینری بھی برآمدہوئی ۔مذکورہ مشینیں جعلی ادویات بنانے میں استعمال ہو رہی تھیں۔
چھاپہ مار کاروائی میں ڈرگ کنٹرولر نوید انور، اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایف آئی اے نعمان خلیل اور دیگر اہلکار بھی شامل تھے ۔برآمد شدہ ادویات اور مشینری کو موقع پر ہی سیل کر دیا گیا۔
بعد ازاں ڈریپ حکام کی درخواست پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دی گی۔ اس کے ساتھ ہی ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔