کراچی( انڈس گزٹ ) ایف آئی اے نے برطانوی ہائی کمیشن کی درخواست پر جعلی بینک اسٹیٹ منٹ بنانے والے کو گرفتار کرلیا جبکہ ایئر پورٹ سے جعلی ویزے پر سعودی عرب جانے والے شہری کو حراست میں لے کر تفتیش شروع کردی گئی ۔
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے معصوم شہریوں کو جعلی بینک اسٹیٹمنٹ جاری کرنے میں ملوث ملزم گرفتارکر لیا ۔گرفتار ملزم زاہد حسن ویزا فراڈ کے گھناونے جرم میں ملوث تھا
ملزم کو کراچی ویسٹ سے گرفتار کیا گیا۔ملزم برطانوی ویزے کے لئے معصوم شہریوں کو جعلی بینک اسٹیٹمنٹ جاری کرنے میں ملوث تھا۔ملزم کے خلاف کاروائی برطانوی ہائی کمیشن کی درخواست پر عمل میں لائی گئی۔
ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں
دوسری کارروائی میں ایف آئی اے امیگریشن کراچی ایئر پورٹ کے افسران نے جعلی سفری دستاویزات پر سعودی عرب جانے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بختل شاہ نامی مسافر کو آف لوڈ کر دیا ۔ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم بختل شاہ نے عمانی ریزیڈنٹ کارڈ کی بنیاد پر سعودی عرب کا وزٹ ویزا حاصل کیا تھا۔ملزم کے پاسپورٹ پر پاکستان اور عمان کی جعلی امیگریشن اسٹمپس بھی لگی ہوئی تھیں۔بعد ازاں ملزم کو مزید قانونی کاروائی کے لئے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی منتقل کر دیا گیا۔