انڈس گزٹ رپورٹ

کراچی: کسٹمز نے کیمیکلز کی درآمد میں ایک کروڑ 40لاکھ روپے کی ٹیکس چوری کرنے والی 2کمپنیوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے جبکہ بر آمد کئے گئے کیمیکلز کی کھیپ کو بھی ضبط کرلیا گیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق گزشتہ دنوں اسپیشل انویسٹی گیشن سیل، اینٹی نارکوٹکس فورس کے پورٹ کنٹرول یونٹ نے ماڈل کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کراچی کو مطلع کیا کہ Vitality Impex نامی کمپنی نے 3کھیپوں میں سیٹل الکحل (Cetyl Alcohol)کی در آمد کی آڑ میں ہائی ریلیو کیمیکل در آمد کئے ہیں۔ اور مس ڈکلیئر اور انڈ ر انوائسنگ کی جعلسازی کے ذریعے بھاری ٹیکس چوری کی ہے۔
مذکورہ اطلاع پر کسٹمز اپریزمنٹ ویسٹ کراچی کی ٹیم نے لاہور سے تعلق رکھنے والی کمپنی وائٹلٹی امپیکس کی جانب سے در آمد کئے گئے کیمیکلز کی کھیپ کے کنٹینرز کی چھان بین شروع کردی ۔جس میں معلوم ہوا کہ کمپنی اور اس کے کلیئرنگ ایجنٹ کی جانب سے کلیئرنس کے لئے جمع کروائی گئی دستاویزات یعنی گڈز ڈکلریشن میں غلط بیانی سے کام لیا گیا ۔
تحقیقات کے مطابق خام کیمیکلز کی رپورٹ میں معلوم ہوا کہ کمپنی کی جانب سے سیٹل الکوحل اور کوکا بیٹین کی آڑ میں3کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ہائی ویلیو سامان بشمول کیمیکلز، قدرتی عرق اور فش کولیجن وغیرہ در آمد کئے ۔جس پر 1کروڑ 40لاکھ روپے کے لگ بھگ ڈیوٹی اور ٹیکس چوری کئے جا رہے تھے ۔بعد ازاں میسرز وائٹلٹی امپیکس اور کلیئرنگ ایجنٹ میسرز شیراز سکندر کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ جس میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔