انڈس گزٹ
ڈیرہ اسماعیل خان :انسداد اسمگلنگ کے ملک گیر کریک ڈاﺅن کے سلسلے میں کسٹمز انٹیلی جنس نے پاک آرمی اور پولیس کے ساتھ مشترکہ کارروائی میں اسمگلروں کے بڑے مرکز پر چھاپہ مار کر تقریباً 40کروڑ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کرلیا ۔کارروائی میں اسمگلنگ کے سامان کی ٹرانسپورٹیشن کے لئے استعمال ہونے والے10کروڑ روپے سے زائد مالیت کی گاڑیوں ، ٹرکوں اور کنٹینرز کو بھی ضبط کرلیا گیا ۔
اطلاعات کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کی حدود میں درہ زندہ کے علاقے میں قائم اسمگلروں کے ایک بڑے ٹھکانے کی سرگرمیوں کے حوالے سے انفارمیشن ملنے پر ڈائریکٹوریٹ جنرل کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کے ڈائریکٹر شفقت خان نیازی کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر احمد رضوان اور انٹیلی جنس افسر آصف اللہ کو ٹیم کے ساتھ کارروائی کی ہدایات جاری کی گئیں ۔
مذکورہ علاقہ چونکہ دور دراز ہے اور یہاں عرصہ دراز سے اسمگلروں کی جانب سے بلوچستان اور خبر پختون خواہ سے آنے والے اربوں روپے کے سامان کو ڈمپ کرنے کے بعد پنجاب کے شہروں میں سپلائی کیا جاتا ہے ۔اس وجہ سے اسمگلروں کی جانب سے سخت مزاحمت کے امکانات کے تحت ڈائریکٹر جنرل کسٹمز انٹیلی جنس کی جانب سے آپریشن کو کامیاب بنانے کے لئے پاک آرمی اور پولیس حکام سے رابطہ کیا گیا ۔
بعد ازاں ایک مشترکہ آپریشن میں کسٹمز انٹیلی جنس کی ٹیم نے اس علاقے میں قائم ایک بڑے کمپاﺅنڈ پر پاک آرمی اور پولیس کے جوانوں کے ساتھ چھاپہ مار کر 30کروڑ 90لاکھ روپے مالیت کا اسمگل شدہ سامان ضبط کیا ۔
بر آمد ہونے والے سامان میں کروڑوں روپے مالیت کے ٹائر،غیر ملکی اسٹف خمیر ،کپڑے کے رول ،چائے کی پتی،پلاسٹک کی مصنوعات ،شیشے کی مصنوعات ،الیکٹرانک کا سامان ،ویلڈنگ الیکٹراڈوٹس سمیت دیگر سامان شامل ہے۔کارروائی میں اسمگلنگ کے سامان کی ٹرانسپورٹیشن کے لئے استعمال ہونے والے10کروڑ روپے سے زائد مالیت کی گاڑیوں ، ٹرکوں اور کنٹینرز کو بھی ضبط کرلیا گیا۔
اس طرح سے مجموعی طور پر 50کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان ضبط کرکے اسمگلروں کے اس بڑے مرکز کے اہم کرداروں کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔