رپورٹ : انڈس گزٹ
کراچی:کسٹمز انٹیلی جنس نے ہاکس بے کے علاقے میں گودام پر چھاپہ مار کر 15کروڑ روپے مالیت کے اسمگل شدہ فاضل پرزہ جات ضبط کرنے کے بعد ملوث ملزم کے ساتھ سرمایہ کاری کرنے والوں کے خلاف تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا۔
امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ مذکورہ معاملے میں آٹو پارٹس سے منسلک کمپنیوں اور تاجروں کا بڑا گروپ منسلک ہے جوکہ کئی برسوں سے غیر قانونی وارداتیں کرکے ملکی خزانے کا نقصان پہنچا رہا ہے ۔
تحقیقات میں معلوم ہوا ہے کہ جس گودام سے مذکورہ اسمل شدہ جاپانی اور چینی ساختہ آٹو پارٹس ملے ہیں اس کا مالک ثناءالرحمن ہے ۔کسٹمز حکام کی کارروائی کے بعد ثناءالرحمن نے اس سامان کی ملکیت کا بھی دعوٰ کیا اور ابتدائی طور پر کسی قسم کی دستاویزات پیش نہ کرنے کے بعد بعد ازاں واٹس ایپ پر کچھ گڈز ڈکلریشن منگوا کر پیش کیں تاہم کسٹمز انٹیلی جنس کی چھان بین میں وہ بھی غیر متعلقہ ثابت ہوئیں ۔
اس ضمن میں موصول ہونے والی دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ گزشتہ ہفتہ کے آخر میں ڈائریکٹوریٹ آف کسٹمز انٹیلی جنس اینڈ انویسٹی گیشن کراچی نے ماڑی پور کے علاقے میں ایک گودام پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران کروڑوں روپے مالیت کے اسمگل شدہ آٹو پارٹس کی بڑی مقدارقبضے میں لے کرملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کیا ۔
یہ آپریشن ڈائریکٹرکسٹمزانٹیلی جنس کراچی انجینئر حبیب احمد کی ہدایات پر کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر انعام اللہ وزیر، ڈپٹی ڈائریکٹر واصف ملک، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سعود حسن، سپرنٹنڈنٹ عابدخان اور خیام مرزا سمیت افسران واہلکاورںپر مشتمل ٹیم نے چھاپہ مارکر گودام کی تلاشی لی توگودام سے 15کروڑروپے مالیت کے آٹوپارٹس برآمدہوئے۔سامان میں 63قسم کے ہزاروں پرزہ جات شامل ہیں جنہیں ضبط کرکے ملزمان کے خلا ف مقدمہ درج کرلیا گیا۔