انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی: ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل نے شیر شاہ کے علاقے میں جعلی ادویات بنانے والے بڑے غیر قانونی کارخانے کا سراغ لگاتے ہوئے چھاپہ مار کر بھاری مشینری اوربڑی مقدار میں تیار ادویات بر آمد کرلیں ۔کارروائی میں فیکٹری مالک کو گرفتار کر لیا گیا۔ملنے والی ادویات کی قیمت 2کروڑ روپے سے زائد ہے۔
مذکورہ فیکٹری سے ادویات ملک بھر میں سپلائی کی جا رہی تھیں ۔ایف آئی اے حکام کے مطابق ڈریپ کے ساتھ کی جانے والی کارروائی کے بعد ملنے والی ادویات کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹ کے لئے بھجوادئے گئے ہیں ۔جبکہ ملوث فیکٹری مالکان اور جعلی ادویات کے ڈیلروں کے خلاف تحقیقات وسیع کردی گئی ہے ۔
ایف آئی اے کے مطابق رہائشی علاقے میں قائم ادویات ساز فیکٹری میں جعلی ادویات کی تیاری اور پیکنگ ہو رہی تھی، مذکورہ جعلی فیکٹری سے بھاری مقدار میں مشتبہ ادویات برآمد کر لی گئیں۔ چھاپے کے دوران انجیکشنز، ادویات اور خام مال کی بڑی کھیپ پکڑی گئی۔چھاپے کے دوران ادویات کی خالی بوتلیں، خالی کیپسولز اور پیکنگ بکسسز برآمد کئے گئے اور چھاپے کے دوران فیکٹری کے مالک مجیب الرحمان کو گرفتار کر لیا گیا۔
گرفتار ملزم کے مطابق جعلی ادویات مختلف شہروں میں سپلائی کی جارہی تھیں، کارروائی میں ادویات کی پیکنگ کے لئے زیراستعمال آلات اور مشینری بھی برآمد کی گئی جبکہ بڑی تعداد میں مختلف اقسام کے پاوڈر اور لیکویڈ بھی برآمد کئے گئے۔ ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے جبکہ دیگر ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔