رپورٹ: عمران خان
کراچی: سول اسپتال میں کروڑوں روپے کی کینسر ادویات کی چوری کے معاملے پر مقدمہ درج کر لیا گیا۔ تاہم ملزمان موقع ملنے پر پہلے ہی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
سول اسپتال سے کینسر کی ادویات کی چوری کا معاملہ سامنے آنے کے بعد گزشتہ روز ایم ایس ڈاکٹر خالد بخاری کی مدعیت میں دو ملازمین کے خلاف تھانہ عید گا میں ایف آئی آر درج کی گئی۔
ایف آئی آر وزیر صحت کی ہدایت پر درج کرائی گئی ہے جس میں سول اسپتال کے ملازمین نیاز احمد خاصخیلی اور اقبال احمد چنہ کو نامزد کیا گیا ہے۔
عید گاہ تھانے میں دفعہ 409 تعذیرات پاکستان اور دفعہ 34 تعذیرات پاکستان کے تحت مقدمہ الزام نمبر 160/2024 کے مطابق سول اسپتال کے اسٹور میں موجود ادویات کے اسٹاک کی انکوائری کی گئی جس میں معلوم ہوا کہ کینسر کے علاج کی انتہائی مہنگی گولیاں Elbonix اور Palbonix کی 7 ہزار 800 سے زائد ٹیبلیٹ غائب کردی گئیں۔
مقدمہ کے مطابق کینسر کے علاج کے لیے استعمال ہونے والی ان ادویات کی مالیت 36 کروڑ روپے ہے۔
مقدمہ کے اندراج سے پہلے ہی مذکورہ ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں