رپورٹ : عمران خان
کراچی: ایف آئی اے اینٹی ہیو من ٹریفکنگ سرکل نے حوالہ ہنڈی میں ملوث ٹریول ایجنسی پر چھاپہ مار کر لاکھوں روپے مالیت کے امریکی ڈالرز بر آمد کر لئے ۔کارروائی میں 3ملزمان کو موقع سے گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ۔
اطلاعات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حکام کو خفیہ اطلاعات موصول ہوئیں کہ ایف بی ایریا بلاک 7میں قائم مکنوجیا اینڈ کارووالیا ٹریول ایجنسی میں غیر قانونی طور پر امریکی ڈالرز سمیت غیر ملکی کرنسی کا کاروبار کیا جا رہا ہے ۔مذکورہ اطلاعات پر سرکل ایس ایچ او سہیل محمود شیخ نے ڈپٹی ڈائریکٹر علی محمد بالادی کی ہدایات پر ٹیم کے ہمراہ چھاپہ مار کر مذکورہ ٹریول ایجنسی 3ملزمان ذولفقار،شعیب علی اور طلحہٰ سعید کو ححراست میں لیا ۔ملزمان کے قبضے سے 3ہزار 721امریکی ڈالرز اور ڈیڑھ لاکھ روپے پاکستانی بر آمد ہوئے ۔
ملزمان کے موبائل کی واٹس ایپ چیٹ سے حوالہ ہنڈی کی ٹرانزیکشن کے شواہد بھی مل گئے ۔کارروائی میں کرنسی ضبط کرکے دو لیپ ٹاپ اور موبائل فونز قبضے میں لئے گئے اور ان کو فارنسک جانچ کے لئے بھیج دیا گیا ۔
کارروائی کے بعد ملزمان کے خلاف حوالہ ہنڈی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ۔تفتیش میں معلوم ہوا کہ مذکورہ ٹریول ایجنسی لائسنس یافتہ ہے اور ان کے پاس ایاٹا کا سرٹیفکیٹ بھی موجود ہے ۔جس کی تصدیق کی جا رہی ہے ۔