انڈس گزٹ
کراچی: کسٹمز انفورسمنٹ کراچی نے 2مختلف کارروائیوں سائٹ اور موچکو ایریا میں دو مختلف کارروائیاں کرتے ہوئے بھاری مالیت میں اسمگل شدہ کپڑا ،الیکٹرانک کا سامان ،صابن ،سیگریٹ اور شیشہ فلیور ضبط کرلئے ۔دونوں کارروائیوں میں بر آمد ہونے والے سامان کی مجموعی مالیت بشمول ڈیوٹی اور ٹیکس 25کروڑ روپے کے قریب بنتی ہے جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی گاڑیوں اور کنٹینرز کی مالیت 3کروڑ کے لگ بھگ بتائی جاتی ہے۔
اطلاعات کے مطابق پہلی کارروائی میںانفورسمنٹ کلکٹریٹ کراچی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی کہ 2 کنٹینرز جن میں بھاری تعداد میں غیر ملکی اسمگلڈ اشیاءان کو نورس چورنگی سائٹ ایریا کے قریب سے دوسرے ٹرکوں کے ذریعہ اندرون شہر منتقل کیا جارہا ہے۔
مذکورہ اطلاع پر کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی ٹیم نورس چورنگی سائٹ ایریا پر پہنچی تو وہاں پر اسمگل شدہ سامان کنٹینرز سے دو ٹرکوں پر منتقل کی جارہیں تھیں جب ان اشیاءکے قانونی درآمدی کاغذات پیش کرنے کا کہا گیا تو ٹرک ڈرائیور نے جو کاغذات پیش کئے گئے تو ان کاغذات میں ان اشیاءکو آئرن اسٹیل ظاہر کیا گیا تھا۔
تاہم انفارمیشن کی بنیادپر تمام اشیاءبمعہ دونوں ٹرک اپنی تحویل میں لے کر اے ایس او ہیڈکوارٹر گھاس بندر منتقل کر کے تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران دونوں کنٹینروں سے 255 موبائل فونز، 1500 لیپ ٹاپ،1200 موبائل ٹیبلیٹس،مختلف اقسام اور سائز کے 25ایل سی ڈیز،1250 الیکٹرونک سگریٹ اور فلیور, 100 کارٹنز صابن برآمدہوئیں جن کی مالیت14 کروڑ 33 لاکھ روپے اور پکڑی جانے پر8کروڑ44لاکھ مالیت کے ڈیوٹی وٹیکسز عائدہوتے ہیں۔ کارروائی کے بعد ملوث ملزمان کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔
دوسری کارروائی میں کلکٹریٹ آف کسٹمز انفورسمنٹ کراچی کی ٹیم نے موچکو چیک پوسٹ پر کوئٹہ سے آنے ٹرالر کو رکنے کا اشارہ کیا اور ٹرالر کو رکنے پر اس کی جانچ پڑتال کی تو ٹرالر میں بھاری مقدار میں پولیئسٹر کپڑابرآمدہوا ۔
کارروائی میں کپڑے کے قانونی درآمدسے متعلق کاغذات کے بارے میں ڈرائیور سے پوچھ گچھ کی تو ڈرائیور نے کاغذات پیش کئے جو کہ اس کپڑے سے مماثلت نہیں رکھتے تھے اس بنا پر کسٹمز کے عملے نے ٹرالر پر موجود 7700 کلو گرام کپڑے کی کھیپ کو ضبط کرلیا ۔
بر آمد ہونے والے کپڑے کی مالیت دو کروڑ پندرہ لاکھ روپے بتائی گئی ہے جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والے ٹرالر کی مالیت ڈیڑھ کروڑ روپے ہے۔محکمہ کسٹمز نے ضبط شدہ کپڑا اپنی تحویل میں لے کرکسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا ۔