اسلام آباد ( رپورٹ عمران خان ) ایف آئی اے نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی( ڈریپ ) کے سابق سربراہ کو گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد افضل خان نیازی کی ہدایت پر کاروائی کرتے ہوئے سابق سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم شیخ اختر حسین نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر سی ای او کی تعیناتی حاصل کی تھی۔ اس معاملے پر کی جانے والی انکوائری میں ثبوت اور شواہد حاصل کر لئے گئے۔

انکوائری میں انکشاف ہوا کہ ملازمت کے حصول کے لئے ملزم کی جانب سے پیش کردہ پی ایچ ڈی کی ڈگری جعلی تھی۔

مزید معلوم ہوا کہ ملزم سال 2018 اور 2019 کے دوران بطور سی ای او ڈریپ تعینات رہا۔ جس پر ایف آئی اے نے مقدمہ درج کر کے ملزم کی گرفتاری کے لئے کوششیں شروع کیں۔

بعدازاں ملزم کی جانب سے ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی گئی تاہم آج ملزم کو ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر گرفتار کیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق سابق سی ای او ڈریپ کو ایس ایچ او اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کاشف ریاض نے اپنی ٹیم کے ساتھ گرفتار کیا جسے مزید تفتیش کے لئے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد کے دفتر میں منتقل کر دیا گیا۔