رپورٹ: عمران خان
کراچی:پولیس کے سینئر افسر عمران یعقوب منہاس آج کراچی پولیس کے نئے چیف بن گئے۔
قارئین کے لئے یہ جاننا انتہائی دلچسپ ہوگا کہ عمران یعقوب منہاس دوسری بار کراچی پولیس کے سربراہ بنے ہیں اور ان کا موجودہ آئی جی غلام نبی میمن سے ایک منفرد تعلق بھی ہے۔
پہلی بار 2021 کے مئی کے مہینے میں ارباب اختیار کی جانب سے سابق پولیس چیف کراچی اور موجودہ آئی جی سندھ غلام نبی میمن کو اچانک ہٹا کر ان کی جگہ عمران یعقوب منہاس کو شہر کی پولیس کا سربراہ بنایا گیا۔
بعدازاں ان دونوں افسران کا یہ تعلق پھر برقرار رہا اور 9 ماہ بعد فروری 2022 میں اچانک عمران یعقوب منہاس کو ان کے اس عہدے سے ہٹا کر دوبارہ غلام نبی میمن کو کراچی پولیس کا چیف تعینات کردیا گیا۔ اور یوں حساب برابر ہوا۔
اب دیکھنا یہ ہے اس پرانے تعلق کے ساتھ دونوں افسران کس قدر باہمی اشتراک کے ساتھ خدمات سرانجام دیتے ہیں۔ کیونکہ اس بار غلام نبی میمن عمران یعقوب منہاس کے حریف نہیں بلکہ "باس” ہیں۔
واضح رہے کہ اس وقت رمضان المبارک کا آخری عشرہ اور عید کی آمد قریب ہے۔ شہر رات کو جاگنے لگا ہے۔شہری افطار کے بعد اہل خانہ کو لے کر سڑکوں پر نکلنے لگے ہیں۔کراچی کی مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ اس کے ساتھ ہی معمول کی راہزنی کی وارداتوں میں سالانہ سیزن لگانے والے اسٹریٹ کرمنل بھی لوٹ مار کے لئے اپنے "کام” پر لگ گئے ہیں۔