رپورٹ : عمران خان
کراچی:: وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی اینٹی کرپشن سرکل (اے سی سی) کراچی نے غیر قانونی غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک بڑی کامیابی حاصل کی ہے۔
ایف آئی اے اے سی سی کراچی کی ٹیم نے ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون اور ایڈیشنل ڈائریکٹر اے سی سی کراچی کی ہدایات پر آج بینک الحبیب، شارعِ پاکستان کراچی میں چھاپہ مارا۔ کارروائی کے دوران مجتبیٰ حیدر ولد حیدر رضا نامی شخص کو گرفتار کیا گیا جس کے قبضے سے 14,000 امریکی ڈالر اور دو موبائل فونز برآمد کیے گئے۔
ذرائع کے مطابق، ابتدائی تفتیش کے دوران مجتبیٰ حیدر نے غیر قانونی طریقے سے غیر ملکی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث ہونے کا اعتراف کر لیا ہے۔ موبائل فونز سے ملنے والے ڈیجیٹل شواہد سے بھی غیر قانونی کاروبار کی تصدیق ہوئی ہے۔
ملزم کو ضبط شدہ کرنسی اور موبائل فونز سمیت ایف آئی اے اے سی سی کراچی تھانے منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کے خلاف ایف آئی آر نمبر 13/2025 درج کر لی گئی ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔