انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی : ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے جعلی وٹنری ادویات فروخت کرنے والے 3ملزمان کو گرفتار کر کے لاکھوں روپے مالیت کے بوسٹن پلس انجکشن بر آمد کرلئے۔

بھینسوں سے زائد دودھ حاصل کرنے کے لئے لگائے جانے والے ممنوعہ انجکشن ضبط کرنے کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ۔جبکہ ان کے مزید ساتھیوں کی تلاش شروع کردی گئی ہے ۔

ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے اینٹی کرپشن اینڈ کرائم سرکل کی ٹیم نے ڈرگ ریگو لیٹری اتھارٹی ( ڈریپ ) کے ساتھ جعلی ممنوعہ ہارمونز انجکشن کی فروخت کی اطلاع ملنے پر ملیر کے علاقے میں چھاپہ مار کارروائی کی ہے ۔

اس کارروائی کے دوران ملزمان یوسف خان ،محمد عثمان اور ہنید خان کو حراست میں لیا گیا جن کے پاس سے 200سے زائد ممنوعہ بوسٹن انجکشن اور بھاری مقدار میں پیکنگ میٹریل بر آمد ہوا ہے۔

ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔