رپورٹ : عمران خان
اسلام آباد:سلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منشیات اسمگلنگ کی ایک بڑی کوشش کو ناکام بناتے ہوئے حکام نے دوہری شہریت رکھنے والی خاتون کو گرفتار کر لیا، جس کے سامان سے انتہائی مہارت سے چھپائی گئی ایک کلو کے قریب ہیروئن برآمد ہوئی ہے۔

ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق، گرفتار خاتون کی شناخت مہوش جبین کے نام سے ہوئی ہے، جو ترکی کے لیے ترک ایئرلائن کی پرواز TK-711 سے روانہ ہونے والی تھی۔ دورانِ سیکیورٹی چیکنگ، عملے کو اس کے سامان میں موجود پشاوری چپلوں میں مشکوک مواد ملا، جس کی جانچ کے بعد اس میں منشیات کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔

تحقیقاتی افسران کے مطابق، ہیروئن چپلوں کے تلووں میں اس مہارت سے چھپائی گئی تھی کہ اسکیننگ مشینوں کو دھوکہ دیا جا سکے۔ ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) اور کسٹمز کے عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کر لیا۔

تاہم اس معاملے میں ایک اور حیران کن موڑ اُس وقت آیا جب معلوم ہوا کہ ایف آئی اے کا ایک اہلکار، مذکورہ خاتون کو وی آئی پی پروٹوکول دے رہا تھا۔ ایف آئی اے حکام نے تصدیق کی ہے کہ متعلقہ اہلکار کی شناخت کر لی گئی ہے اور اس سے سخت تفتیش جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات ڈائریکٹر سطح کے افسر کے سپرد کر دی گئی ہیں اور اس معاملے کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ آیا مہوش جبین کسی منظم بین الاقوامی اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ ہے یا نہیں۔

اینٹی نارکوٹیس کے ادارے کے ذرائع نے منشیات کی برآمدگی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وہ مکمل تفتیش میں ایف آئی اے سے تعاون کر رہے ہیں۔