رپورٹ : عمران خان

کراچی: کسٹمز انفورسمنٹ کلکٹریٹ (ASO) کراچی نے حساس ادارے کی خفیہ اطلاع پر کراچی کے معروف تجارتی علاقے بولٹن مارکیٹ میں واقع ایک گودام پر کامیاب چھاپہ مار کارروائی کی ہے۔ اس آپریشن میں سندھ رینجرز اور ایک حساس ادارے کے اہلکاروں نے بھی مکمل تعاون فراہم کیا، جب کہ کارروائی کی قیادت ڈپٹی کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ ASO، سید محمد رضا نقوی نے کی۔

گزشتہ شب کی جانے والی اس کارروائی میں کسٹمز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کی مشترکہ ٹیم نے گودام سے بھاری مقدار میں اسمگل شدہ اشیاء برآمد کیں۔ ضبط شدہ سامان میں سولہ ہزار چار سو ستر ڈنڈا سگریٹس، پانچ ہزار آٹھ سو پچاس پیکٹس انڈین گٹکا اور نسوار، چار اعشاریہ دو لیٹر شیشہ یا فلیور، اور پانچ سو دس کلوگرام اسمگل شدہ صابن شامل ہے۔

ابتدائی تخمینے کے مطابق، برآمد شدہ سامان کی مالیت تقریباً چھتالیس اعشاریہ آٹھ ملین روپے، یعنی چار کروڑ اڑسٹھ لاکھ ننانوے ہزار پانچ سو باون روپے لگائی گئی ہے۔ تمام اشیاء کو موقع پر ہی چھے مزدا ٹرکوں میں منتقل کر کے کسٹمز ASO کے مرکزی گودام میں جمع کرا دیا گیا، جہاں ان کی تفصیلی جانچ اور ویلیوایشن کا عمل جاری ہے۔کسٹمز حکام کے مطابق، تفصیلی جانچ مکمل ہونے کے بعد کسٹمز ایکٹ کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور معاملے کی باضابطہ تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔