کراچی: ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ائیرپورٹ پر انتہائی مطلوب دہشت گرد کوگرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے کے مطابق جناح ٹرمینل ائیرپورٹ پر تعینات امیگریشن عملے نے کارروائی کے دوران انتہائی مطلوب دہشتگرد کو گرفتارکرلیا۔ احسان الحق نامی ملزم نے بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش کی،ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا۔
ملزم کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہ سی ٹی ڈی خیبر پختونخواہ کو مطلوب تھا۔ملزم کے سر کی قیمت 10 لاکھ مقرر تھی۔ ایف آئی اے حکام کا مزید کہنا تھا کہ ملزم کا نام انتہائی مطلوب دہشتگرد فہرست میں بھی شامل تھا، ملزم کا تعلق صوابی سے ہے،گرفتار ملزم کو متعلقہ حکام کے حوالے کیاجائے گا۔
ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے امیگریشن علی مراد بالادی کی زیر نگرانی ملزم کو حراست میں لینے کے بعد فوری طور پر متعلقہ حکام کو اطلاع دی گئی اور ملزم کی حوالگی کی کارروائی شروع کی گئی ۔