پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ( پی آئی اے) کی تنظیم نو کے لیے وفاقی وزرا نے منصوبہ بندی شروع کر دی۔
اس سلسلہ میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق، وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے شرکت کی۔
وزارت خزانہ کے معاون خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری ایوی ایشن اور فنانس اور ایوی ایشن افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئےَ۔ ایوی ایشن ڈویڑن حکام نے وزیرخزانہ کو پی آئی اے کو درپیش آپریشنل اور مالیاتی چیلنجز سے آگاہ کیا۔
اعلامیہ کے مطابق سی اے اے حکام نے مسائل کے ممکنہ حل اور اقدامات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، اجلاس میں پی آئی اے کی تشکیل نو کے لیے دستیاب حل پر غور کیا گیا۔
اجلاس میں پی آئی اے کی کارکردگی بہتر بنانے اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پی آئی اے کی تشکیل نو کے لیے پیش کی گئی تجاویز کو سراہا۔
اعلامیہ کے مطابق اسحاق ڈار نے ہدایت کی کہ متعلقہ حکام تفصیلی روڈ میپ تیار کر کے آئندہ اجلاس میں پیش کریں۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اس ڈیڈ لائن کو پورا کرنے میں ناکامی کے نتیجے میں انسپکشن ہونے سے پہلے ایک سال کی تاخیر ہوجائے گی۔
اجلاس میں نوٹ کیا گیا کہ یہ ٹائم لائن اس لیے بہت اہم ہے کیونکہ یہ عالمی ایوی ایشن ریگولیٹرز کو اگست میں انسپکٹرز بھیجنے کی اجازت دے گی تاکہ آپریشنل سسٹمز اور پی آئی اے کے آپریشنز کو امریکا، برطانیہ اور یورپ میں بحال کرنے کے لیے ضروری معیارات کا زمینی جائزہ لیا جا سکے۔
یاد رہے کہ پی آئی اے کے فضائی آپریشنز کی معطلی تقریباً 3 سال قبل پائلٹس کی پیشہ ورانہ ڈگریوں اور دیگر ہوائی جہاز کے حفاظتی معیارات کے تنازع کے بعد سامنے آئی تھی۔
وزیر خزانہ اسحق ڈار نے متعلقہ حکام سے کہا کہ وہ جلد از جلد مناسب قانون سازی کریں تاکہ امریکا، برطانیہ اور یورپ کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کی جلد بحالی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ ترامیم پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے اگلے ہفتے ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ نے پی آئی اے کی تنظیم نو سے متعلق اجلاس کی صدارت بھی کی، ایوی ایشن ٹیم نے کمیٹی کو پی آئی اے حکام کو درپیش آپریشنل اور مالیاتی چیلنجز سے آگاہ کیا اور ان مسائل کے حل کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات کے بارے میں پریزنٹیشن دی۔
اسحٰق ڈار نے حکام سے کہا کہ وہ آئندہ اجلاس میں پریزنٹیشن کے لیے ایک جامع روڈ میپ تیار کریں۔
انہوں نے انہیں 12 اگست کو موجودہ حکومت کی مدت ختم ہونے سے پہلے تنظیم نو کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کی بھی ہدایت کی۔