رپورٹ: انڈس گزٹ
پیرس اولمپک 2024 میں پاکستان کے لئے طلائی تمغہ جیتنے والے ارشد ندیم کے لیے اب تک ساڑھے 17 کروڑ روپے کے انعامات کا اعلان ہوا ہے۔
ارشد ندیم کی اس کامیابی سے پاکستانی قوم کا ان عالمی کھیلوں میں میڈل کے حصول کا تین دہائیوں سے جاری انتظار بھی بالاخر ختم ہو گیا۔
اس شاندار کامیابی پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ارشد ندیم کے لیے 10 کروڑ روپے کا اعلان کیا ہے جبکہ حکومت سندھ نے ارشد ندیم کے لیے پانچ کروڑ اور گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی احمد شہزاد اور گلوکار علی ظفر نے ارشد ندیم کے لیے 10، 10 لاکھ روپے جبکہ کراچی میں بجلی کی تقسیم کار کمپنی کے الیکٹرک نے ارشد کے لیے 20 لاکھ اور پاکستان کے نجی بینک یو بی ایل نے بھی ارشد کو 50 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔
صرف یہ ہی نہیں بلکہ ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن کی جانب سے بھی ارشد ندیم کو 50 ہزار امریکی ڈالر بطور انعام دیا جائے گا جو کہ ڈیڑھ کروڑ روپے پاکستانی بنتے ہیں۔
رواں برس اپریل کے دوران ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن نے اولمپکس ٹریک اور فیلڈ مقابلوں میں گول میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے اس حوالے سے ایک اعلان کیا تھا۔
خیال رہے کہ انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی خود میڈل جیتنے پر انعامی رقم ادا نہیں کرتی۔ ورلڈ ایتھلیٹکس فیڈریشن وہ پہلی انٹرنیشنل فیڈریشن ہے جس نے کھلاڑیوں کے لیے انعامی رقم کا اعلان کر رکھا ہے۔