انڈس گزٹ
پشاور :ایف آئی اے نے پشاور میں حوالہ ہنڈی اور ڈالر مافیا کے خلاف کریک ڈاﺅن تیز کرتے ہوئے ”غیر قانونی کرنسی لین دین “ کے گڑھ سمجھے جانے والی مارکیٹ کے مرکزی کرداروں کے گرد گھیرا تنگ کردیا۔

اطلاعات کے مطابق ایف آئی اے پشاورنے ڈپٹی ڈائریکٹر افضل خان نیازی کی سربراہی میں حوالہ ہنڈی کے خلاف بڑے کریک ڈاﺅن میں خیبر پختون خواہ میں کرنسی کے لین دین کی سب سے بڑی مارکیٹ پشاور چوک یاد گار مارکیٹ کو کرنسی کی درجنوں دکانوں سمیت سیل کرکے مزید قانونی کارروائی شروع کردی ہے ۔

ایف آئی اے کمر شل بینکنگ سرکل پشاور کی ٹیموں نے غیر ملکی اور ملکی کرنسی کی غیر قانونی فروخت اور ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف پہلے سے جاری آپریشن کو مزید تیز کرتے ہوئے گزشتہ 20روز میں 27کے لگ بھگ چھاپہ مار کارروائیاں کرکے28ملزمان کو گرفتار کیا ۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے مجموعی طور پر 10کروڑ 27لاکھ روپے سے زائد کی ملکی اور غیر ملکی کرنسی اور حوالہ ہنڈی کے ثبوت بر آمد کرکے مقدمات درج کر لئے گئے ۔

گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرنے کے بعد ان کے دیگر ساتھیوں اور سرپرستوں کو بھی شامل تفتیش کر لیا گیا ہے اور جلد ہی ان کی گرفتاریاں متوقع ہیں ۔جس کے بعد مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھنے میں آرہا ہے اور معیشت دشمن عناصر اپنی سرگرمیاں روک کر انڈ ر گراﺅنڈ ہونے لگے ہیں ۔