انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی: کسٹمز اسٹاف نے حساس ادارے کی نشاندہی پر جناح انٹر نیشنل ایئر پورٹ سے لاکھوں روپے کے موبائل کی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا ۔ملزمان کے قبضے سے درجنوں موبائل اور دیگر سامان ضبط کرکے ان کے ساتھیوں کے خلاف مزید تحقیقات کے لئے مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔
اطلاعات کے مطابق ایک حساس ادارے کی جانب سے کراچی ایئر پورٹ کلکٹریٹ کو خفیہ اطلاع دی گئی تھی کہ موبائل اسمگلروں کے ذریعے ایک بھاری کھیپ دبئی سے اسمگل کرکے لائی جا رہی ہے۔اس اطلاع کے ساتھ ہی مسافروں کے حوالے سے معلومات بھی فراہم کی گئیں ۔جس کے بعد کسٹمز افسران کا کام مزید آسان ہوگیا ۔
کسٹمز حکام کے مطابق حساس اداے کی طرف سے فراہم کردہ مصدقہ معلومات کی بنیاد پر ڈپٹی کلکٹر کسٹمز جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کراچی حماد احمد نے ایڈیشنل کلکٹر کسٹمز محمد فیصل خان کی سربراہی میںبین القوامی آمد پر پر تعینات عملہ کے ساتھ فلائی دبئی کی پرواز FZ 329 سے کراچی پہنچنے والے شہروز اور سہیل امین کے حوالے مانیٹرنگ کا سلسلہ شروع کیا ۔
حساس ادارے کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کی بنیاد پر دونوں مسافروں کے پر جہاز سے نکلتے ہی سٹیلائٹ ایریا تک نظر رکھی گئی ۔ دونوں مسافروں کے کنوئر بیلٹ سے سامان وصول کرنے اور گرین چینل سے باہر جاتے ہوئے تعینات کسٹمز کے عملے نے دونوں مسافروں کو کسٹمز ریڈ چینل کی طرف بھیج دیا گیا۔
کسٹمز حکام کے مطابق ریڈ چینل پر دونوں مسافروں کے سامان کی اسکیننگ کی گئی ۔جس میں ، بڑی تعداد میں موبائل فونز کی نشاندہی ہوئی اور مسافروں کے سامان کو کسٹمز ایگزامینیشن کاونٹر پر منتقل کر کے مسافروں کی موجودگی میں ان کے کیری آن بیگز میں چھپے ہوئے موبائل فونز برآمد کر لئے گئے ۔کسٹمز حکام کے مطابق دونوں افراد کے جسم اور سامان کی مکمل جانچ پڑتال کی گئی جس کے نتیجے میں اضافی موبائل فونز برآمد ہوئے۔
کارروائی میں مجموعی طور پر 28عدد آئی فون 14کے ساتھ ہی 2عدد لیپ ٹاپ،50عدد کڑھائی والے سوٹ اور پرائم ووڈ ڈرنک کی 40بوتلیں بر آمد ہوئیں ۔اس سامان کی مجموعی مالیت کا اندازہ 64لاکھ روپے سے زائد لگایا گیا ہے ۔
کسٹمز کی کارروائی میں برآمد شدہ سامان ضبط کر لیا گیا ۔جبکہ مسافروں کے خلاف کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔