رپورٹ :عمران خان
اسلام آباد : ایف آئی اے نے سابق ممبر اسٹیٹ سی ڈی اے افنان عالم کے خلاف مبینہ کرپشن ،اختیارات کے ناجائز استعمال اور آمدنی سے زائد اثاثوں کے حوالے سے انکوائری کا آغاز کر دیا۔
ذرائع کے بقول افنان عالم کو گزشتہ ماہ مبینہ طور پر 10 ارب روپے مالیت کی اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ پر فارغ کیا گیا تھا۔
ایف آئی اے نے تحقیقات کے سلسلے میں افنان عالم سے متعلق معلومات کے حصول کے لئے اسلام آباد کے ادارہ برائے ترقیات ( کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی) کو مراسلہ ارسال کردیا ہے۔
ایف آئی اے کی جانب سے سی ڈی اے حکام کو لکھے گئے خط میں ممبر اسٹیٹ رہنے والے افنا عالم کے حوالے سے تمام ضروری معلومات طلب کی گئی ہیں۔
ایف آئی اے نے خط میں افنان عالم کے بارے میں جو تفصیلات مانگی ہیں ان میں پوچھا جا رہا ہے کہ افنان عالم نے سی ڈی اے میں کن کن عہدوں پرکام کیا؟، ممبر اسٹیٹ، ڈائریکٹر اسٹیٹ اور ڈائریکٹر لینڈ سی ڈی اے کی ذمے داریاں کیا ہوتی ہیں؟،افنان عالم کے ماتحت کام کرنے والے افسران کی فہرست، افنان عالم کے خلاف شکایات کی فہرست ، افنان عالم کے خلاف محکمہ جاتی سطح پر کی جانے والی اور شروع کی جانے والی انکوائریز کی تفصیلات کیا ہیں؟،افنان عالم کو دوبارہ بحال کرنے والی انکوائری کی تفصیلات، افنان عالم کے اثاثہ جات کے ڈکلیئریشن فارم اور افنان عالم کی تصدیق شدہ پرسنل فائل کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔