اسلام آباد: ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد ایئر پورٹ کے اسٹاف نے جعلی سفری دستاویزات پر بیرون ملک جانے والے 4شہریوں کوآف لوڈ کرکے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کردیا گیا۔
ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد کے افسران نے چاروں شہریوں کی ملزمان کی حثیت سے گرفتاری ڈالتے ہوئے ان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے اسلام آباد کی جانب سے جعلی سفری دستاویزات پر سفر کرنے والے 4 ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔جعلی سفری دستاویزات پر ملزمان کو اسلام آباد ائر پورٹ پر آف لوڈ کیا گیا تھا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق گرفتار ملزمان میں تیمور، عبدالودود، فیضان اور محمد عامر شامل۔ملزمان نے جعلی دستاویزات پر یوکرین، کینیڈا اور سعودی عرب جانے کی کوشش کی۔ان سے برآمد ہونے والے جعلی دستاویزات میں جعلی تعلیمی سرٹیفیکیٹس، جعلی پروٹیکٹرز اور جعلی ویزے شامل ہیں ۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا۔تفتیش کا دائرہ کار بڑھاتے ہوئے ملوث ایجنٹوں کا ریکارڈ بھی حاصل کر لیا گیا۔جعلی دستاویزات بنانے میں ملوث ایجنٹوں کی گرفتاری کے لئے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔