انڈس گزٹ رپورٹ
کراچی: کراچی سے حوالہ ہنڈی کا بڑا نیٹ ورک کروڑوں روپے مالیت کی کرنسی کے ساتھ پکڑا گیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل کراچی کی ٹیم نے بڑی کاروائی میں حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث ملزم گرفتار کر لیا گیا۔
ملزم بہزاد عالم کو کراچی کے علاقے صدر سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم غیر قانونی کرنسی ایکسچینج اور حوالہ ہنڈی میں ملوث تھا۔ ملزم کے خلاف کاروائی خفیہ اطلاع پر عمل میں لائی گئی۔
ایف آئی کے ترجمان کے مطابق چھاپے کے دوران ملزم سے 10 کروڑ 24 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے برآمد ہوئے۔ اس کے ساتھ ہی ملزم سے 51850 امریکی ڈالر, 1500 آسٹریلین ڈالر اور 250 درہم بھی برآمد ہوئے۔ ملزم بغیر لائسنس کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث ہے۔
ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکا۔ حوالہ ہنڈی سے قومی خزانے کو کروڑوں روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔